اکھلیش یادو، کرہل سے اسمبلی الیکشن لڑیں گے

پارٹی ذرائع نے چند دن قبل یہ اطلاع دی تھی لیکن آج اکھلیش یادو کے چچا اور رکن راجیہ سبھا رام گوپال یادو نے اس کی توثیق کی۔

لکھنو۔ 22 جنوری: سماج وادی پارٹی قائد اور سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو آئندہ ماہ کا اسمبلی الیکشن ضلع مین پوری کی کرہل نشست سے لڑیں گے جو اُن کا آبائی گڑھ ہے۔ وہ پہلی مرتبہ اسمبلی الیکشن لڑرہے ہیں۔

پارٹی ذرائع نے چند دن قبل یہ اطلاع دی تھی لیکن آج اکھلیش یادو کے چچا اور رکن راجیہ سبھا رام گوپال یادو نے اس کی توثیق کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کا بھتیجہ ریکارڈ ووٹوں سے جیتے گا۔ 1993 سے کرہل‘ ہر الیکشن میں سماج وادی پارٹی امیدوار کو اسمبلی بھیجتا رہا ہے۔ صرف 2002میں بی جے پی نے یہاں جیت حاصل کی تھی۔

یہ نشست حلقہ لوک سبھا مین پوری میں شامل 5 اسمبلی نشستوں میں ایک ہے جہاں سے اکھلیش کے والد اور سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو 5 مرتبہ لوک سبھا پہنچے تھے۔

کرہل‘ یادو خاندان کے آبائی موضع سیفائی سے صرف 5کیلو میٹر دور واقع ہے۔ اکھلیش یادو نے برسراقتدار بی جے پی کو ہرانے علاقائی جماعتوں کا رنگ برنگا اتحاد بنارکھا ہے۔

گزشتہ برس نومبر میں اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ وہ اسمبلی الیکشن نہیں لڑیں گے لیکن ایک ماہ بعد انہوں نے این ڈی ٹی وی سے کہا تھا کہ پارٹی چاہے تو میں 2022 کا اسمبلی الیکشن لڑوں گا۔

ذریعہ
این ڈی ٹی وی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.