سی اے اے کیلئے بنگال میں تحریک چلانے کی دھمکی

اس تحریک کی قیادت بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی مملکتی وزیر شانتنو ٹھاکر اور سبرتو ٹھاکر کریں گے۔ اس میں ارکان اسمبلی اشوک کیرتنیا اور مکوت منی ادھیکاری بھی شرکت کریں گے۔

کولکتہ: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد بی جے پی کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ اب پارٹی سے ناراض متوا سماج کے سینئر لیڈر اپنی ہی مرکزی حکومت کے خلاف ریاست بھر میں احتجاج کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ تقسیم کے وقت بنگلہ دیش سے ہندوستان میں آکر آباد ہونے والے  ”متواسماج“کو مستقل شہریت فراہم کرنے کے لیے شہریت قانون (CAA) کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست میں احتجاج کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

 اس تحریک کی قیادت بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی مملکتی وزیر شانتنو ٹھاکر اور سبرتو ٹھاکر کریں گے۔ اس میں ارکان اسمبلی اشوک کیرتنیا اور مکوت منی ادھیکاری بھی شرکت کریں گے۔ ناراض قائدین کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی‘ وزیر داخلہ امیت شاہ‘ بی جے پی صدر جے پی نڈا اور دیگر رہنماؤں نے بنگال میں شہریت قانون کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

انتخابی منشور میں بھی اس کا ذکر تھا لیکن الیکشن ہارنے کے بعد اس پر کہیں بھی کوئی بات نہیں ہورہی ہے۔ اس کی وجہ سے متوا سماج میں ناراضگی بڑھ رہی ہے اور عوام کے نمائندوں کے لیے ان لوگوں کے سامنے کھڑا ہونا مشکل ہورہاہے۔

گزشتہ اتوار ہی شانتنو ٹھاکر نے ناراض لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی تھی جس میں ریاستی بی جے پی کے نائب صدر جئے پرکاش مجمدار‘ سابق جنرل سکریٹری سیانتن باسو‘ رتیش تیواری اور کئی دوسرے لیڈر شامل تھے۔

 ٹھاکر کا کہنا ہے کہ کمیونٹی کے لوگ خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں مستقل شہریت دینے کا وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔آل انڈیا متوا فیڈریشن کے نمائندے جلد ہی اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کریں گے اور سی اے اے کو فوری طور پر نافذ کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے کمیونٹی کو خوش کرنے کے لیے لوک سبھا انتخابات سے قبل مستقل شہریت دینے کا وعدہ کیا تھا جس نے ریاست کے کم از کم 35   اسمبلی حلقوں کے انتخابی نتائج کو متاثر کیا ہے لیکن اب اس پر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.