حضور آباد میں انتخابی مہم میں شدت

انتخابی میدان میں اہم و مضبوط امیدوار ای راجندر ہیں جو بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کررہے ہیں۔ سابق وزیر ای راجندر کی انتخابی مہم میں بی جے پی کے اہم قائدین حصہ لے رہے ہیں۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی حضور آباد کے ضمنی الیکشن کیلئے بمشکل10دن رہ گئے ہیں۔ جیسے جیسے رائے دہی کی تاریخ(30/ اکتوبر) قریب آرہی ہے ویسے ویسے انتخابی مہم میں شدت پیدا ہورہی ہے۔ سردست حلقہ میں انتخابی مہم عروج پر ہے۔

اسٹار کمپینئرس، اپنی پارٹی کے امیدوار کی تائید میں مہم چلا رہے ہیں۔ حکمراں جماعت ٹی آر ایس نے پارٹی امیدوار کی مہم چلانے کیلئے وزیر فینانس ہریش راؤ کی زیر قیادت پارٹی کے ارکان اسمبلی، وکونسل کی بڑی تعداد کو تعینات کردیا ہے۔

ہریش راؤ اور ان کی ٹیم، ٹی آر ایس امیدوار جی سرینواس یادو کی تائید میں مہم چلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ پارٹی قائدین، چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کے دورہ کے منتظر ہیں۔ کے سی آر، اندرون چندیوم، حضور آباد میں ایک بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔

کے سی آر کا دورہ، اپوزیشن پارٹی پر اثر انداز ہونے کا آخری ذریعہ رہے گا۔ ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے تارک راما راؤ، حلقہ کی انتخابی مہم سے تاحال دوری اختیار کئے ہوئے ہیں۔

کے سی آر کا دورہ، سرینواس یادو کی کامیابی میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔حلقہ اسمبلی حضور آباد کے ضمنی الیکشن میں ٹی آرایس کو بی جے پی سخت مقابلہ دے رہی ہے۔

انتخابی میدان میں اہم و مضبوط امیدوار ای راجندر ہیں جو بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کررہے ہیں۔ سابق وزیر ای راجندر کی انتخابی مہم میں بی جے پی کے اہم قائدین حصہ لے رہے ہیں۔

بی جے پی نے ایٹالہ راجندر کی انتخابی مہم کو موثر بنانے کیلئے ایک شیڈول تیار کیا ہے جس کے مطابق مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے، ایم پی نظام آباد ڈی اروند، سابق ایم پی وجئے شانتی اور سابق وزیر ڈی کے ارونا 21/ اکتوبر سے ای راجندر کے حق میں طوفانی مہم چلائیں گے۔

کانگریس جس نے امیدوار کے نام کا اعلان کافی تاخیر سے کیا ہے، کے امیدوار بالمور وینکٹ کی انتخابی مہم میں تیزی آرہی ہے۔ وینکٹ نے حالیہ دنوں ہی انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے۔ صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے گذشتہ تین دن قبل پارٹی امیدوار کی انتخابی مہم شروع کی ہے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.