ٹی آر ایس کا 12 نومبر اندرا پارک پر مہا دھرنا

وزیر داخلہ محمود علی، وزیر افزایش مویشیان ٹی سرینواس یادو، پارٹی کے ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر، ایم گوپال، کے وینکٹیش، ڈپٹی مئیر سری لتا نے آج اندرا پارک کا دورہ کرتے ہوئے جمعہ کو منعقد شدنی دھرنا کے مقام کا معائنہ کیا۔

حیدرآباد: دھان کی خریدی مسئلہ پر مرکزی حکومت کے موقف کے خلاف ٹی آر ایس کی جانب سے12 نومبر کو اندرا پارک پر مہا دھرنا منظم کیا جائے گا۔ ربیع سیزن میں کسانوں سے دھان نہ خریدنے سے متعلق مرکز کے فیصلہ سے کسانوں کے مسائل میں اضافہ ہوگا۔ مرکز کی ہٹ دھرمی کے خلاف ریاست کی حکمراں جماعت نے تلنگانہ بھر میں 12 نومبر کو دھرنے منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں بھی اندرا پارک پر مہادھرنا منظم کیا جائے گا۔

ریاستی وزیر داخلہ محمود علی، وزیر افزایش مویشیان ٹی سرینواس یادو، پارٹی کے ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر، ایم گوپال، کے وینکٹیش، ڈپٹی مئیر سری لتا نے آج اندرا پارک کا دورہ کرتے ہوئے جمعہ کو منعقد شدنی دھرنا کے مقام کا معائنہ کیا اس موقع پر ٹی سرینواس یادونے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کاشت کے رقبہ میں اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ میں سب سے زیادہ دھان کی کاشت ہورہی ہے اس لئے تلنگانہ، دیگر ریاستوں کو چاول سربراہ کرنے کے موقف میں آگئی ہے۔ اس کے باوجود مرکزی حکومت، تلنگانہ کے کسانوں کو سہولت پہنچانے پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔

وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سیاہ زرعی قوانین بنا کر ملک کے کسانوں کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ ان کی پارٹی مرکزی حکومت کی مخالف کسان پالیسی سے دستبرداری اختیار کرنے تک جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے ریاست کے بی جے پی قائدین پر تلنگانہ حکومت کے خلاف گمراہ کن بیانات دینے کا الزام عائد کیا اور تمام سیاسی جماعتوں کو متحد کرکے دہلی میں احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ12 نومبر کو اندرا پارک پر کسانوں کی تائید میں منظم کئے جانے والے احتجاجی دھرنا میں کثیر تعداد میں شرکت کریں۔یواین آئی کے بموجب دھان کی خریداری کے مسئلہ پر مرکز موقف کے خلاف 12نومبر کو تلنگانہ کی حکمراں جماعت ٹی آرایس ریاست گیر سطح پر دھرنے منعقد کرے گی۔ برسراقتدارجماعت ان دھرنوں کو کامیاب بنانے پرتوجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔

ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں دھرنے دینے کی پارٹی کیڈرکوہدایت دی گئی ہے۔دھان کی خریداری کے مسئلہ پر پچھلے کچھ دنوں سے مرکزی اور ریاستی حکومت کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے قائد محمد اعظم علی خرم انچارج اسمبلی حلقہ چارمینار صلاح الدین لودھی و دیگر موجود تھے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.