انٹرامتحانات کا پیر سے آغاز۔ 1768 مراکز کا قیام

سکریٹری وکمشنر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن عمر جلیل نے مزید کہا کہ امتحانی ہال میں ہر ایک امیدوار کو کووڈ پر وٹوکول جسے محکمہ صحت وطبابت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، پر سختی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔

حیدرآباد: سکریٹری وکمشنر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے آج بتایا کہ ریاست میں انٹر سال اول کے امتحانات (سال دوم میں پروموٹ کردہ طلبہ کیلئے) کاآغاز25/اکتوبر سے ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ریاست میں 1768 مراکز بنائے گئے ہیں۔ امتحانات کا آغاز پیر سے ہوگا جو3نومبر تک جاری رہیں گے۔

 توقع ہے کہ4,59,228 طلبہ، امتحانات میں شرکت کریں گے۔ سید عمر جلیل نے کہا کہ امتحانات کے شیڈول میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ حلقہ اسمبلی حضور آباد کا ضمنی الیکشن30 / اکتوبر کو مقرر ہے۔ اس لئے30اکتوبر کو منعقد شدنی امتحان، اتوار31/ اکتوبر کو منعقد کیا جائے گا۔ اس بارے میں طلبہ کو علیحدہ مسیج کے ذریعہ مطلع کیا جائے گا۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید عمر جلیل نے کہا کہ امتحانات میں جنرل کے2,05,360 اور ووکیشنل کے 27,252 بوائز، جنرل میں 2,04,537 اور ووکیشنل میں 22,079 گرلز امیدوار شرکت کریں گی۔جملہ25,258 انویجلیٹرس کو تعینات کیا جائے گا جبکہ70 فلائنگ اسکوارڈ کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

عمر جلیل نے مزید کہا کہ امتحانی ہال میں ہر ایک امیدوار کو کووڈ پر وٹوکول جسے محکمہ صحت وطبابت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، پر سختی کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔ امتحانی ہال میں ہر امیدوار کو ماسک، پہننا لازمی رہے گا اور امیدواروں کو اپنے ساتھ 50ایم ایل کی سنیٹائزر کی شیشی اور پینے کے پانی کا ٹرانسپرنٹ باٹل ساتھ لانا ہوگا۔ سماجی فاصلہ کی دوری لازمی رہے گی۔

 امتحان کے ہال میں امیدوار وں کیلئے ایک دوسرے سے کسی بھی قسم کی چیزوں کا تبادلہ ممنوع رہے گا۔ ہر امیدوار کو اپنا ذاتی پن، پنسل اور ربر ساتھ لانا ہوگا۔ اگر کسی طالب علم کو سردی، بخار، زکام کی شکایت ہو تو ایسی صورت میں ان طلبہ کو امتحان تحریر کرنے کے لئے علیحدہ آئسولیشن روم کا نظم کیا جائے گا۔

امیدواروں کو امتحان کے وقت سے ایک گھنٹہ قبل یعنی8 بجے صبح، امتحانی مرکز پہنچ جانا چاہئے او ایم آر شیٹ کی خانہ پری کے بعد ٹھیک9بجے صبح پرچہ سوالات تقسیم کئے جائیں گے۔ 9 بجے صبح کے بعد کسی بھی امیدوار کو امتحانی مرکز میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔

 ہال ٹکٹس www.tsbie.cgg.gov.in  پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی جاچکی ہے کہ ڈاؤن لوڈ کردہ ہال ٹکٹس پر پرنسپل کی دستخط نہ ہونے کے باوجود امیدواروں کو امتحان تحریر کرنے سے نہ روکیں۔ تمام پرنسپلس/ انتظامیہ کو ہدایت دی جاچکی ہے کہ امیدواروں میں ہال ٹکٹس جاری کردیں اگر اس تعلق سے شکایت ملنے پر متعلقہ کالج کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ امیدواروں کو جوابی بک لیٹ جو24صفحات پر رہے گا کو اچھی طرح چیک کرلینا چاہئے۔

امیدواروں کو پرنٹیڈ میٹریل، سل فونس، پیپرس، کیلی کیولیٹر، اور الیکٹرانک آلات / اشیاء کو امتحانی ہال میں لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ نقل نویسی میں ملوث طلبہ کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ سید عمر جلیل نے کہا کہ انٹر کے تمام گروپس کیلئے اسٹیڈی میٹریلس کو بورڈ کے سرکاری وئب سائٹ پر دستیاب کرایا گیا ہے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.