تلنگانہ میں ایک اور ضمنی الیکشن کا امکان

کانگریس کے رکن اسمبلی منگوڈ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے جار ہے ہیں یہ بھی امکان ہے کہ وہ رکنیت اسمبلی کے ساتھ ساتھ کانگریس سے بھی علیحدگی اختیار کرلیں گے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں ایک اور ضمنی انتخاب منعقد ہونے کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔ قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے کہ کانگریس کے رکن اسمبلی منگوڈ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے جار ہے ہیں یہ بھی امکان ہے کہ وہ رکنیت اسمبلی کے ساتھ ساتھ کانگریس سے بھی علحدگی اختیار کرلیں گے راجگوپال ریڈی کی جانب سے بار بار اشارہ دیا جاتا رہا ہے کہ وہ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

 سابق میں انہوں نے چیف منسٹر کو پیشکش کی تھی کہ حضور آباد کی طرح منگوڈ میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری اور منگوڈ کی ترقی کیلئے2000کروڑ روپے کے پیاکیج کے اعلان پر اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے اور دوبارہ انتخاب میں حصہ بھی نہیں لیں گے۔ سابق میں انہوں نے کہا تھا کہ ریاست میں کانگریس کا مستقبل تاریک ہے اور صرف بی جے پی ہی تلنگانہ کی سیاست میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے جس سے صاف طور پر سمجھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنا مستقبل کس پارٹی میں تلاش کررہے ہیں۔

دوسری طرف راجگوپال ریڈی، پارٹی سرگرمیوں سے دوری اختیار کئے ہوئے ہیں اور کسی طرح کی بیان بازی سے بھی گریز کررہے ہیں۔ راجگوپال ریڈی کے قریبی حلقوں کے مطابق اب کانگریس سے دوری اختیار کرنے کیلئے وہ موزوں وقت کا انتظار کررہے ہیں۔ ٹی آ رایس کی لاکھ کوششوں کے باوجود ای راجندر نے بی جے پی کے ٹکٹ پر زبردست اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔

 جیسے ہی بی جے پی کی جانب سے راجگوپال ریڈی کو مثبت اشارہ مل جائے گا وہ بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ کانگریس قائدین کے مطابق راجگوپال ریڈی، بی جے پی قیادت سے ربط بنائے ہوئے ہیں اور ای راجندر کی طرح اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہو کر ضمنی انتخاب کا سامنا کریں گے۔

واضح رہے کہ رکن اسمبلی دوباک ایم رگھونندن راؤ کی جانب سے بار بار یہ کہا جاتا رہا ہے کہ ریاست میں حضور آباد ضمنی انتخاب کے بعد مزید دو ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے اور اسمبلی میں بی جے پی کے اراکین کی تعداد تین سے بڑھ کر پانچ ہوجائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ٹی آر ایس کے کئی ارکان اسمبلی، بی جے پی قیادت کے رابطہ میں ہیں۔ بی جے پی کے مطابق رکن اسمبلی ویملواڑہ سی ایچ رمیش جو دوہری شہرت کے مقدمہ میں ماخوذ ہیں، کے خلاف فیصلہ آنے کی توقع ہے جس کے بعد وہ ویملواڑہ اسمبلی حلقہ کیلئے بھی ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے۔

ذریعہ
منصف نیوز بیورو

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.