ہندو دھرم کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں:مرکزی وزارت داخلہ

جبلپورے نے نشاندہی کی کہ اس کے باوجود بی جے پی اور ذیلی تنظیمیں‘ سیاسی فائدہ کے لئے اکثریتی ہندو فرقہ میں خوف کی نفسیات پیدا کرتی رہتی ہیں کہ ان کا مذہب اور مذہبی شناخت بڑے خطرہ میں ہیں۔

ناگپور(مہاراشٹرا): بی جے پی کی مرکزی حکومت نے ہندو مذہب کو کسی مفروضہ خطرہ کے اندیشوں اور اس سے متعلق سوالات کو مفروضہ یا خیالی قراردے کر موثرطور پر خارج کردیا ہے۔ بی جے پی قائد امیت شاہ کی وزارت داخلہ نے واضح طورپر کہہ دیا ہے کہ اس کے پاس ہندو دھرم کو نام نہاد خطرات کا کوئی ریکارڈ یا ثبوت نہیں ہے۔ اس نے ناگپور کے جہدکار موہنیش جبلپورے کے حالیہ آر ٹی آئی سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔

 حق جانکاری قانون (آر ٹی آئی) کے تحت 31  اگست کو عجیب و غریب سوال میں جبلپورے نے ملک میں ہندو دھرم کو خطرات کا ثبوت مانگا تھا جو وزارت داخلہ کے پاس موجود ہو۔ ایک ماہ بعد مرکزی وزارت داخلہ کے سی پی آئی او (انٹرنل سیکوریٹی) وی ایس رانا نے جواب دیا کہ نہ تو انہیں اس کی جانکاری ہے اور نہ ہی ان کے پاس ایسا کوئی ثبوت ہے کہ ہندو دھرم خطرہ میں ہے۔

 جواب میں ہلکی سی سرزنش کے ساتھ کہا گیا کہ آر ٹی آئی ایکٹ رولز کے مطابق پبلک انفارمیشن آفیسر صرف وہ جانکاری دے سکتا ہے جو اس کے پاس ہو یا اس کے دائرہ میں آتی ہو۔ مرکز کے پاس کوئی ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے رانا نے کہا کہ جبلپورے کے ”مفروضہ“ سوال کا تشفی بخش جواب دینا‘ ممکن نہیں۔ جبلپورے نے کہا کہ پہلی مرتبہ مرکزی وزارت داخلہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ ہند دھرم کو خطرات کا سوال تک خیالی ہے۔

 عہدیدار نے مانا ہے کہ ایسی قیاس آرائی کی تائید میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ جبلپورے نے نشاندہی کی کہ اس کے باوجود بی جے پی اور ذیلی تنظیمیں‘ سیاسی فائدہ کے لئے اکثریتی ہندو فرقہ میں خوف کی نفسیات پیدا کرتی رہتی ہیں کہ ان کا مذہب اور مذہبی شناخت بڑے خطرہ میں ہیں۔

 مرکز پورے اعتماد سے تیقن دے چکا ہے کہ ہندو دھرم کو کہیں سے بھی کوئی خطرہ یا جوکھم نہیں ہے۔ جبلپورے نے کہا کہ وہ وزارت داخلہ کے عہدیدار رانا کے شکرگزار ہیں جنہوں نے واضح جواب دیا۔ اب اس سے اس حساس مسئلہ پر تمام سیاسی تنازعات ختم ہوجانے چاہئیں اور اکثریتی و اقلیتی فرقوں کو راحت مل جانی چاہئے جن کے قائدین مفروضہ خطرات کے حوالہ سے ایک دوسرے پر چِلَاتے رہتے ہیں۔

ذریعہ
آئی اے این ایس

تبصرہ کریں

Back to top button

Adblocker Detected

Please turn off your Adblocker to continue using our service.