شمالی بھارت

زبان کے آپریشن کی جگہ ختنہ کردی گئی، جانچ کا حکم

بریلی شہر میں اسٹیڈیم شاہراہ پر واقع ایک اسپتال میں بچے کے تتلانے کی وجہ زبان کا آپریشن کرانے آئے بچے کا ختنہ کردیا گیا۔ آپریشن کے بعد بچہ وارڈ سے باہر لایا گیا تو دیکھ کر والدین کے ہوش اڑ گئے۔

بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی کے ایک اسپتال میں لکنت کی پریشانی میں مبتلا ایک بچے کی زبان کے آپریشن کے بجائے اس کا ختنہ کرنے کے واقعہ پر سخت رخ اختیار کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی برجیش پاٹھک نے جانچ کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ خبریں
’’ اسریٰ ‘‘ نام رکھنا
قرض کی فراہمی کو بینکرس سماجی ذمہ داری تسلیم کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کا مشورہ

نائب وزیر اعلی نے اس حوالے سے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے’ضلع بریلی کے ایم خان اسپتال میں بچے کے زبان کے آپریشن کی جگہ ختنہ کئے جانے سے متعلق معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میرے ذریعہ اے سی ایم او کے ساتھ محکمہ صحت کی ایک ٹیم بھیج کر متعلقہ معاملے کی جانچ کرانے اور شکایت صحیح پائے جانے پر اسپتال منجمنٹ و خاطی ڈاکٹروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے اور متعلقہ اسپتال کو فوری اثر سے رجسٹریشن منسوخ کرنے اور کاروائی کی پوری رپورٹ 24گھنٹے کے اندر فراہم کئے جانے کی ہدایت سی ایم او بریلی کو دی گئی ہے۔متعلقہ اسپتال کو جانچ رپورٹ کی بنیاد پر سیل بھی کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ بریلی شہر میں اسٹیڈیم شاہراہ پر واقع ایک اسپتال میں بچے کے تتلانے کی وجہ زبان کا آپریشن کرانے آئے بچے کا ختنہ کردیا گیا۔ آپریشن کے بعد بچہ وارڈ سے باہر لایا گیا تو دیکھ کر والدین کے ہوش اڑ گئے۔

انہوں نے ڈاکٹر اور اسٹاف پر تبدیلی مذہب کی سازش کا الزام لگاکر ہنگامہ کیا۔ جانکاری ملتے ہی تنظیموں کے ذمہ داران پہنچ گئے۔ پولیس نے بچے کے والد کی تحریر پر تین رکنی جانچ ٹیم تشکیل دی ہے۔

ایس پی سٹی راہل بھاٹی نے بتایا کہ ایم خان اسپتال میں ختنہ کرنے کا الزام لگاکر بچے کے والد نے اسپتال منجمنٹ کے خلاف تحریر دی ہے۔جس پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

کمیٹی میں ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیس افسر شامل ہونگے۔ جانچ رپورٹ کی بنیاد پر آگے کی کاروائی کی جائے گی۔متعلقہ اسپتال پر فورس لگا دی گئی ہے۔

جمعہ کی شام اطلاع ملنے پر سی او تھرڈآشیش پرتاپ سنگھ اور بارادی تھانہ انچارج ابھیشیک سنگھ موقع پر پہنچے۔ متاثرہ کنبے نے جمعہ کی دیر رات اسپتال منجمنٹ اور ڈاکٹر جاوید کے خلاف تحریر دی ہے۔ حالات سنگین ہونے پر انتظامیہ نے ہفتہ کی صبح متعلقہ اسپتال پر فورس تعینات کردی ہے۔