راہول گاندھی کے ساتھ کھٹمنڈو میں دیکھی گئی عورت ہندوستانی نژاد پرتگالی

نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو کے نائٹ کلب میں کانگریس قائد راہول گاندھی کے ساتھ دیکھی گئی عورت آخر کون تھی اس تعلق سے نیپال اور ہندوستان کے علاوہ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی بڑی دلچسپی پیدا ہوئی۔

کٹھمنڈو: نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو کے نائٹ کلب میں کانگریس قائد راہول گاندھی کے ساتھ دیکھی گئی عورت آخر کون تھی اس تعلق سے نیپال اور ہندوستان کے علاوہ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی بڑی دلچسپی پیدا ہوئی۔

راہول گاندھی جمعرات کی شام کٹھمنڈو سے نئی دہلی لوٹ آئے۔ انہوں نے مشہور لارڈ آف ڈرنکس کلب جانے کے تعلق سے کچھ بھی نہیں کہا۔

ہندوستانی میڈیا کے ایک گوشہ نے خبر دی تھی کہ راہول گاندھی کے ساتھ شراب پیتے جو عورت دیکھی گئی وہ نیپال میں چین کی سفیر ہویانکی تھی۔ برسراقتدار جماعت بی جے پی نے کانگریس قائد کو نشانہ تنقید بنایا لیکن ان کی پارٹی فوری ان کے بچاؤ کے لئے آگے آگئی۔

راہول گاندھی دیگر 2 افراد کے ساتھ پیر کو کٹھمنڈو پہنچے تھے تاکہ اپنی پرانی دوست سمنیما اداس کی شادی میں شرکت کرسکیں۔ آئی اے این ایس نے نیپال کے محکمہ امیگریشن سے کانگریس قائد اور دیگر 2 افراد سبرامنیم گاندھی اور کلاوتی گاندھی کی تفصیلات حاصل کیں۔

محکمہ نے جو جانکاری دی اس کے مطابق راہول‘ سبرامنیم اور کلاوتی نے عام ہندوستانی پاسپورٹ پر سفر کیا۔ پیر کی شام راہول گاندھی بعض دوستوں بشمول ایشیائی نقوش والی عورت کے ساتھ نائٹ کلب میں دیکھے گئے لیکن جمعہ کے دن نیپال کے سب سے بڑے اخبار کانتی پور نیشنل ڈیلی نے محکمہ امیگریشن کے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی کہ عورت‘ ہندوستانی نژاد پرتگالی ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ وہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہے۔

پیر کی رات تنازعہ کے بعد راہول گاندھی نے منگل کی شام سمنیما کی شادی میں شرکت کی اور کٹھمنڈو کے قریب ایک ریسارٹ میں رات میں اور دوسرے دن قیام کیا۔ وہ جمعرات کی شام وستارا کی پرواز سے دہلی لوٹ آئے۔

تبصرہ کریں

Back to top button