ریاست میں بڑھتے کورونا کیسس پر سرکاری ہاسپٹلس محتاط رہیں: وزیر صحت

تلنگانہ میں بڑھتے کورونا کیسس کے پیش نظر ریاستی حکومت نے تمام سرکاری دواخانوں کو چوکس ومحتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ عوام پر زور دیا گیا ہے کہ، علامتیں پائی جانے پر فوری طور پر اپنا ٹسٹ کرائیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں بڑھتے کورونا کیسس کے پیش نظر ریاستی حکومت نے تمام سرکاری دواخانوں کو چوکس ومحتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ عوام پر زور دیا گیا ہے کہ، علامتیں پائی جانے پر فوری طور پر اپنا ٹسٹ کرائیں۔

ریاستی وزیر صحت، بہبود خاندان وفینانس ٹی ہریش راؤ نے یہاں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

کورونا کے بڑھتے کیسس پر مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو الرٹ کیا تھا جس کے بعد راؤ نے یہ جائزہ اجلاس طلب کیا۔ اگرچیکہ تلنگانہ میں مثبت شرح کم ہے مگر اس کے باوجود حکومت تلنگانہ کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں گذشتہ ہفتہ کووڈ کیسس کی شرح 0.4 فیصد تھی جبکہ اس ہفتہ کورونا واقعات میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ جس کی شرح0.5 فیصد بتائی گئی ہے۔ دیگر ریاستوں سے تقابل کیا جائے تو تلنگانہ میں کووڈ وبا کی شدت بہت کم ہے۔

اس سلسلہ میں تلنگانہ کو بھی چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچیکہ ریاست میں کورونا کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے لیکن محکمہ صحت وطبابت کے اسٹاف اور ملازموں کو تساہل سے کام نہیں لینا چاہئے۔ حکومت، اس سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت وطبابت تمام ضروری انتظامات کررہا ہے۔ ریاست میں ہفتہ کے روز کوروناکے 76نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے عوام پر زور دیا کہ وہ کووڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔ ماسک استعمال کریں اور پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں، پرائمری ہیلت سنٹرس اور بستی دواخانوں سے کہا گیا ہے کہ مشتبہ علامتیں پائی جانے پر متاثرین کا کووڈ ٹسٹ کریں۔

عوام کو بغیر کسی پس وپیش سرکاری دواخانوں میں ٹسٹ کرانا چاہئے۔ اور انہیں ضروری دوائیں لینا چاہئے۔ تمام سرکاری دواخانوں میں ٹسٹ، علاج اور ویکسی نیشن کی مفت سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور اسٹاف کو پہلے کے جذبہ کی طرح اس بار بھی خدمت کرنا چاہئے۔

تبصرہ کریں

Back to top button