کرناٹک

کرناٹک اسمبلی الیکشن میں جے ڈی ایس کو بی آر ایس کی تائید

جنتادل سیکولر(ایس) نے جمعرات کے روز دعویٰ کیاکہ کے چندرشیکھرراؤکی نئی پارٹی بی آر ایس‘کرناٹک اسمبلی کے مجوزہ انتخابات میں جنتادل (ایس)کی تائید کرے گی۔

بنگلورو۔: جنتادل سیکولر(ایس) نے جمعرات کے روز دعویٰ کیاکہ کے چندرشیکھرراؤکی نئی پارٹی بی آر ایس‘کرناٹک اسمبلی کے مجوزہ انتخابات میں جنتادل (ایس)کی تائید کرے گی۔

جے ڈی ایس کے قائد وسابق چیف منسٹرایچ ڈی کمار اسوامی نے جمعرات کے روز بنگلورو میں میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کرناٹک اسمبلی کے انتخابات میں امیدوار کھڑا کرنے میں بی ایس آر کو کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ‘جنتادل ایس کی تائید کرے گی تاہم کے سی آر 2024 کے لوک سبھا الیکشن میں ریاست کرناٹک کے چند سرحدی علاقوں سے بی آرایس امیدواروں کو کھڑا کریں گے۔

کماراسوامی نے کہاکہ ہمارے ارکان مقننہ نے مختلف مسائل پر تلنگانہ کے چیف منسٹرکے سی آرسے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھلے عام ہر بات کونہیں بتایا جاتا۔کے سی آر نے مجھے بتایا کہ وہ 2006 کے دوران ان (کماراسوامی) کی حکمرانی کودیکھ چکے ہیں۔

کسی سیاہ داغ کے بغیر شفاف حکمرانی پر وہ میری ستائش کرچکے ہیں۔انہوں نے ہمیں مشورہ دیا کہ اسی سلسلہ کو برقراررکھیں۔دلتوں پرمظالم کے خلاف ہم دونوں ایک پلاٹ فارم پر آچکے ہیں۔ہم اقل ترین مشترکہ پروگرام کوقطعیت دیتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔کماراسوامی نے یہ بات کہی۔

انہوں نے کہاکہ وہ ٹی آرایس کوقومی پارٹی بنانے اوراس کوبی آرایس سے موسوم کرنے سے متعلق کے چندر شیکھر راؤ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔سابق چیف منسٹر نے مزید کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی جنتادل ایس کے ریاست میں برسر اقتدارآنے پر وہ تلنگانہ کی دونوں اسکیمات رعیتوبندھواوردلت بندھوکوکرناٹک میں رائج کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ کرناٹک اسمبلی کے انتخابات‘قومی سطح پر اثر اندازہوں گے۔کماراسوامی نے کہاکہ کرناٹک کے 15سے 20اسمبلی حلقوں پر کے سی آراثراندازہوں گے۔ہماری پارٹی جنتادل (ایس)نے حیدرآباد۔کرناٹک علاقہ میں 4اسمبلی نشستیں جیتی تھیں۔آنے والے انتخابات میں ہم اس علاقہ کے 15سے 20 اسمبلی حلقوں سے کامیابی کی طاقت رکھتے ہیں۔