سعیدآبادمیں نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کا وعدہ:محمودعلی

حیدرآباد: ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمودعلی نے ملک پیٹ کے رکن اسمبلی احمدبلعلہ کے مطالبہ کوتسلیم کرتے ہوئے محکمہ محابس کے احاطہ میں اے سی پی آفس کے علاوہ سعیدآبادمیں نئے پولیس اسٹیشن کے قیام کا وعدہ کیا۔

اسمبلی میں پیر کے روزوقفہ کے سوالات کے دوران ٹی آرایس کے ارکان کرانتی کرن چنتی‘ایس راجندرریڈی اور دیگر کے سوال کاجواب دیتے ہوئے محمودعلی نے کہاکہ جہاں ضرورت ہووہاں پولیس اسٹیشن قائم کئے جائیں گے کیونکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کااہم مقصدنظم وضبط اورامن کو برقراررکھناہے۔

محکمہ پولیس کے بجٹ میں اضافہ کرنے پر انہوں نے چیف منسٹرکے چندر شیکھرراؤ کی ستائش کی اورکہاکہ حکومت نے اس سال محکمہ داخلہ کابجٹ 6 ہزار کروڑ سے بڑھاکر 9ہزار کروڑکردیاہے۔

یہ رقم عصری سہولتوں سے آراستہ پولیس اسٹیشنوں اور دیگر دفاتر جیسے کمشنرآف پولیس‘ایس پی‘ڈی ایس پی اورسرکل انسپکٹر کے دفاتر کی تعمیر اورعصری ٹکنالوجی کے حصول پر صرف کی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے مزید کہاکہ تمام پولیس اسٹیشنوں کوعصری بنایا جارہا ہے۔ پولیس اسٹیشنوں کے مینٹینس کے لئے فنڈس فراہم کئے جارہے ہیں۔ کار کردگی کی بنیادپر ان پولیس اسٹیشنوں کورینک اور ایوارڈس بھی دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملازمین کو ان کی شاندارکارکردگی پر بھی ایوارڈدیئے گئے ہیں۔

Back to top button