سوشیل میڈیا

ڈرامائی ویڈیو: 40 میٹر لمبی کشتی سمندر میں ڈوب گئی

کوسٹ گارڈس نے فیس بک پر بھی ایک بیان پوسٹ کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ موسم اور سمندری حالات خراب ہونے کی وجہ سے کشتی مختصر وقت میں پانی میں ڈوب گئی۔ اسے سمندر سے نکالا نہیں جا سکا۔

روم: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک سپر یاٹ کو بحیرہ روم میں مکمل طور پر ڈوبتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اسے اطالوی کوسٹ گارڈ نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا ہے جس میں 130 فٹ طویل کشتی کو پانی میں غرق ہوتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

بی بی سی کے مطابق، کوسٹ گارڈ نے جہاز میں سوار تمام نو افراد کو بچا لیا۔ ان میں چار مسافر تھے جبکہ عملے کے پانچ ارکان تھے۔ مزید کہا گیا ہے کہ کشتی گیلی پولی سے میلازو کی طرف جارہی تھی کہ وہ پانی میں ڈوب گئی۔

کوسٹ گارڈ کے ٹویٹ کے مطابق، غرقابی کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کوسٹ گارڈس نے فیس بک پر بھی ایک بیان پوسٹ کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ موسم اور سمندری حالات خراب ہونے کی وجہ سے کشتی مختصر وقت میں پانی میں ڈوب گئی۔ اسے سمندر سے نکالا نہیں جا سکا۔

ڈیلی میل نے بتایا کہ اس کشتی کا نام ‘ساگا’ ہے جو 2007 میں موناکو میں بنائی گئی تھی۔ اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے کی رات ساحل سے تقریباً 14.5 کلومیٹر دور پیش آیا۔

کشتی سے کال موصول ہونے کے بعد، کوسٹ گارڈ نے مصیبت میں پھنسے ہوئے جہاز کو بحفاظت واپس بندرگاہ لانے کے لیے ایک ٹگ بوٹ روانہ کی۔ ریسکیو آپریشن شروع ہوا، لیکن کشتی ڈوبنا شروع ہوگئی تھی۔ اس دوران عملہ اور مسافرین کو بچالیا گیا جبکہ کشتی ڈوب گئی۔

حکام اب کشتی کے ڈوبنے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اطالوی کوسٹ گارڈ کے مطابق، وہ فوٹیج کا بھی تجزیہ کر رہے ہیں۔