ایشیاءسوشیل میڈیا

نئی افغان امارتِ اسلامیہ کا جمعہ کو اعلان

طالبان عہدیدار احمد اللہ متقی نے کہا کہ افغانستان میں ہم جس اسلامی حکومت کا اعلان کریں گے وہ لوگوں کے لیے ایک نمونہ ہوگی۔

کابل: افغانستان سے امریکی انخلاء مکمل ہونے کے بعد نئی کابینہ کا اعلان کل (بروز جمعہ) کیا جائے گا۔

طالبان عہدیدار احمد اللہ متقی نے بتایا کہ سپریم لیڈر ہبت اللہ اخوندزادہ نئی افغان حکومت کے سربراہ ہوں گے جبکہ کابینہ کا اعلان 3 ستمبر کو بعد نماز جمعہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہم جس اسلامی حکومت کا اعلان کریں گے وہ لوگوں کے لیے ایک نمونہ ہوگی۔

افغان میڈیا کے مطابق قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ شیر محمد عباس استانک زئی کو امارت اسلامیہ افغانستان کا وزیر خارجہ نامزد کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز شیر محمد عباس استانک زئی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ نئی حکومت کا اعلان دو روز میں کیا جائے گا جبکہ ہماری حکومت میں نئے چہرے شامل ہوں گے۔

دوسری جانب افغان طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ متوقع طور پر بروز جمعہ نئی افغان امارتِ اسلامیہ کا اعلان کردیا جائے گا جس میں کابینہ سمیت اہم سربراہان کے نام سامنے آئیں گے۔

ملا یعقوب کو وزیردفاع اور سراج الدین حقانی کو وزیرداخلہ بنائے جانے کا امکان ہے اور یہ دونوں طالبان رہنما اس وقت طالبان سربراہ ملا ہبت اللہ کے نائب ہیں۔

یاد رہے کہ طالبان دعوت و رہنمائی کمیشن کے سربراہ مولوی امیر خان متقی کو وزارت خارجہ کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ طالبان کے موجودہ ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کو عبوری حکومت کا وزیر اطلاعات بنائے جانے کا امکان ہے۔