شہباز شریف کو وزیر اعظم بننے پر امریکہ کی مبارکباد

بلنکن نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تقریباً 75 برسوں سے وسیع تر باہمی مفادات پر ایک اہم شراکت دار کے طور پر اپنے کردار کو تسلیم کرتا ہے۔

واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ نئی حکومت کے ساتھ ان کا تعاون جاری رہے گا۔ امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے یہ اطلاع دی ہے۔ چہارشنبہ کو ایک بیان میں بلنکن نے کہا’’امریکہ پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ ہم حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تقریباً 75 برسوں سے وسیع تر باہمی مفادات پر ایک اہم شراکت دار کے طور پر اپنے کردار کو تسلیم کرتا ہے۔

 بلنکن نے کہا کہ ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان دونوں ممالک کے مفادات کے لیے ضروری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 9 اپریل کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن کے سامنے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

ذریعہ
یواین آئی

تبصرہ کریں

Back to top button