عمران خان مجرمین کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے:راجہ پکشے

سری لنکا اور اس کے عوام کو یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے عہد کو پورا کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔‘

کولمبو: سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجہ پکشے نے پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ایک سری لنکن شہری کو توہین مذہب کے الزام میں مشتعل ہجوم کی جانب سے تشدد کے بعد قتل کیے جانے کے واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’انہیں یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے عہد کو پورا کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

‘سری لنکا کے وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’پاکستان میں شدت پسند مشتعل ہجوم کی جانب سے پریانتھا دیاودھنہ پر بہیمانہ اور جان لیوا حملے پر صدمہ پہنچا۔ متاثرہ شخص کی اہلیہ اور خاندان کے غم میں شریک ہوں۔

سری لنکا اور اس کے عوام کو یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے عہد کو پورا کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔‘

اس سے قبل سری لنکا کے وزیر برائے کھیل و امور نوجوان اور ملک کے وزیراعظم کے بیٹے، نامال راجاپکشے نے بھی پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے اعلان کو سراہا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی معاشرے میں شدت پسند قوتوں کو روکا نہ گیا تو ایسا واقعہ کہیں بھی پیش آ سکتا ہے۔

سری لنکا کے وزیر برائے کھیل و امور نوجوان نامال راجاپکشے نے سری لنکن شہری کی ہلاکت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ‘مشتعل ہجوم کے ہاتھوں پریا نتھا کمارا کا بہیمانہ قتل ناقابل فہم ہے جبکہ میں وزیر اعظم عمران خان کے جانب سے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے وعدے کو سراہتا ہوں۔ ہمیں یہ سوچنا ہو گا کہ اگر شدت پسند قوتوں کو آزادانہ کارروائی کرنے کی اجازت دی گئی تو ایسا واقعہ کسی کے ساتھ بھی پیش آ سکتا ہے۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button