قانون ساز کونسل کے صدرنشین کے عہدہ کیلئے سکھیندرریڈی کا پرچہ نامزدگی

حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین کے عہدہ کیلئے ریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے رکن قانون ساز کونسل جی سکھیندرریڈی نے آج پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ سکریٹری مقننہ نرسمہاچاریلو کے دفتر پہنچ کر انہوں نے اس عہدہ کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔اس عہدہ کے لئے انتخاب پیر کوہوگا۔

انہوں نے اس موقع پر قانون ساز کونسل کے صدرنشین کے طورپر دوسری مرتبہ انہیں موقع فراہم کرنے پر چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو سے اظہار تشکر کیا۔ اس عہدہ کے لئے بااتفاق آراانتخاب کے سلسلہ میں تمام جماعتوں سے انہوں نے اظہار تشکر کیا۔سکھیندرریڈی، ایم ایل اے کوٹہ سے تلنگانہ قانون ساز کونسل کے رکن بنائے گئے ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر سکھیندرریڈی کے ساتھ ریاستی وزیر ستیہ وتی راتھوڑ،ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل بھی موجود تھے۔

Back to top button