دہلی

دہلی مہیلا کانگریس کے دفتر میں مسلم خاتون سکریٹری کو تھپڑ مارا گیا

دہلی خواتین کانگریس کے دفتر میں ایک افسوسناک اور شرمسار کرنے والے واقعہ میں دہلی خواتین کانگریس کی صدر امریتا دھون کی موجودگی میں روہنی ڈسٹرکٹ خاتون کانگریس کمیٹی کی صدر نے دہلی ریاستی خواتین کانگریس کمیٹی کی مسلم سکریٹری کوایک معمولی کہا سنی میں نہ صرف گندی گالیاں دی بلکہ مبینہ طور پر تھپڑ بھی رسید کردیا۔

نئی دہلی: دہلی خواتین کانگریس کے دفتر میں ایک افسوسناک اور شرمسار کرنے والے واقعہ میں دہلی خواتین کانگریس کی صدر امریتا دھون کی موجودگی میں روہنی ڈسٹرکٹ خاتون کانگریس کمیٹی کی صدر نے دہلی ریاستی خواتین کانگریس کمیٹی کی مسلم سکریٹری کوایک معمولی کہا سنی میں نہ صرف گندی گالیاں دی بلکہ مبینہ طور پر تھپڑ بھی رسید کردیا۔

معتبر ذرائع کے مطابق مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف گزشتہ 4 ستمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ہونے والی ہلہ بول ریلی کی تیاری کے سلسلے میں گزشتہ ماہ 25اگست کو دہلی خواتین کامگریس کمیٹی کی میٹنگ ہورہی تھی جس میں کرسی کھسکانے کے بارے میں روہنی ڈسٹرکٹ خاتون کانگریس کمیٹی کی صدر منجو کمار کی ایک اسٹیٹ سکریٹری مسلم خاتون سے بحث ہوگئی اور منجو کمار نے مسلم خاتون اسٹیٹ سکریٹری کو تھپر مار دیا۔

جس وقت یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا اس وقت دہلی خواتین کانگریس کی صدرامریتا دھون وہاں موجود تھیں۔ اس کے بعد وہاں موجود دیگر خواتین نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ معاملہ اب اعلی کمان تک پہنچ چکا ہے۔

امریتا دھون نے مسلم خاتون سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گی لیکن ہنوز انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے البتہ وہ بیرون ملک جانے سے پہلے متاثرہ خاتون سے کہا کہ منجوکمار نے ان سے ای میل کے ذریعہ معافی مانگ لی ہے اوربیرون ملک سے آنے کے بعد اس معاملے کو دیکھیں گی۔ اس افسوسناک اور شرمناک واقعہ سے صدمے سے دوچار مسلم خاتون نے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے ناخوشگوار اور سب سے زیادہ توہین آمیز لمحہ تھا۔

جلسے کی اہمیت اور جماعت کی ضرورت کے مدنظر انہوں نے اس وقت خون کی گھونٹ پی لیا اور محترمہ دھون نے مجھے مکمل تعاون اور سخت ترین کارروائی کا یقین دلایا اور پارٹی کا انتہائی اہم پروگرام ختم ہونے تک انتظار کرنے کو کہا گیا تھا۔

جب میں نے پروگرام کے اگلے دن 5 ستمبر کو صدر محترمہ دھون سے بات کی تو انہوں نے مجھے بتایا کہ میں غیر ملکی دورے پر جا رہی ہیں۔متاثرہ مسلم خاتون نے اس معاملے میں اعلی کمان سے مداخلت کرکے محترمہ منجو کماری کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی ہے تاکہ کسی دوسرے ساتھی کو ڈی پی ایم سی میں کسی قسم کی بے عزتی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔