ملک بھر میں این آرسی قانون نافذ کیا جائے:گری راج سنگھ

گری راج سنگھ نے الزام لگایا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو پولیس والوں پر بندوقیں چلاتے ہیں اور رام نومی جلوسوں کو نشانہ بنانے تلواریں لہراتے ہیں۔ انہوں نے گورکھ ناتھ مندر میں سیکوریٹی عملہ پر حالیہ حملے کا بھی حوالہ دیا۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے دہلی کے جہانگیرپوری علاقہ میں تشدد کے بعد آج ملک بھر میں شہریوں کے قومی رجسٹر پر عمل آوری کیلئے ایک قانون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ”ووٹوں کے سوداگر“ سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنا چاہتے ہیں۔

سینئر بی جے پی لیڈر نے اپنے ایک پیام میں جہانگیرپوری علاقہ کے واقعہ کو جہاں انہدامی مہم پر ایک بڑی سیاسی لڑائی چھڑگئی ہے، ماضی کے کئی واقعات سے جوڑا جن میں شہریت (ترمیمی قانون) کے خلاف احتجاج، رام مندر کی تعمیر کی مخالفت اور حالیہ حجاب تنازعہ بھی شامل ہے۔

 انہوں نے الزام لگایا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو پولیس والوں پر بندوقیں چلاتے ہیں اور رام نومی جلوسوں کو نشانہ بنانے تلواریں لہراتے ہیں۔ انہوں نے گورکھ ناتھ مندر میں سیکوریٹی عملہ پر حالیہ حملے کا بھی حوالہ دیا۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ جہانگیرپوری واقعہ کے بعد سب سے اہم بات یہ ہے کہ ملک بھر میں این آرسی قانون وضع کیا جانا چاہئے۔

 دنیا کے ہر ملک میں اس کے شہریوں کے پاس شناختی کارڈ ہے۔ ہندوستان میں بھی ایسا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر سڑکوں سے لے کر پارلیمنٹ تک بحث ہونی چاہئے۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button