مودی حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا:یچوری

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی۔ایم) کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر ملک کی معیشت کو برباد کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ مرکز کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ہر طبقہ پریشان ہے۔

سمستی پور: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی۔ایم) کے قومی جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر ملک کی معیشت کو برباد کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ مرکز کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ہر طبقہ پریشان ہے۔

ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یچوری نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کی معیشت کو برباد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی صنعتوں کی مسلسل نجکاری کی جارہی ہے اورسرمایہ داروں کو فروخت کیا جا رہا ہے۔

ملک میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا ایجنڈا چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کا زہر پھیلا کر باہمی ہم آہنگی کو خراب کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔

یوکرین کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے یچوری نے کہا کہ ملک کے مہنگے تعلیمی نظام کی وجہ سے طلباء دوسرے ممالک میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ اسی وجہ سے یوکرین کی جنگ کے دوران بڑی تعداد میں طلبا کی ملک واپسی میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

چیف منسٹر نتیش کمار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس چیف منسٹر کو نہیں معلوم کہ بہار کے کتنے طالب علم میڈیکل کی تعلیم کے لیے یوکرین سمیت دیگر ممالک جاتے ہیں۔ وہ ریاست کا کیا بھلا کر سکتا ہے؟ چیف منسٹر نتیش کمار کا یہ بیان افسوسناک ہے۔

سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ کسان تنظیموں کے دباؤ میں مودی حکومت نے کسان بل کو واپس لے لیا، جو کسانوں کی تاریخی جیت ہے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، سی پی آئی (ایم) پولٹ بیورو کے رکن حنان ملا نے کہا کہ نتیش حکومت بی جے پی کی کٹھ پتلی کے طور پر کام کر رہی ہے۔

آج بہار میں بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان اور عام لوگ یہاں سے ہجرت کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈبل انجن والی حکومت میں آج بہار میں جرائم اور بدعنوانی کا راج ہے۔

سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سکریٹری اودھیش کمار اور ریاستی سکریٹری بورڈ ممبر کم ایم ایل اے اجے کمار اور دیگر قائدین نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔

تبصرہ کریں

Back to top button