”میں ہیما مالینی بننا نہیں چاہتا“ : جینت چودھری

چودھری نے اپنے ساتھ اسٹیج پر موجود پارٹی قائد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ نے ان سے کہا تھا ”یوگیش ہمارے ساتھ شامل ہوجائیں، میں آپ کو ہیما مالینی بنا دوں گا“۔

لکھنؤ: اترپردیش کے سیاسی قائد آر ایل ڈی کے صدر جینت چودھری نے متنازعہ دعویٰ کیا ہے کہ ایک سینئر بی جے پی قائد و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ان کی پارٹی کے ایک لیڈر سے کہا تھا اگر آپ ہمارے ساتھ شامل ہوجائیں تو میں آپ کو ”ہیما مالینی“ بنا دوں گا۔

جینت چودھری نے کئی مرتبہ بی جے پی کی ان ترغیبات کو مسترد کردیا ہے اور اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لیے مہم چلاتے ہوئے آج یہ بات کہی۔

چودھری نے اپنے ساتھ اسٹیج پر موجود پارٹی قائد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ نے ان سے کہا تھا ”یوگیش ہمارے ساتھ شامل ہوجائیں، میں آپ کو ہیما مالینی بنا دوں گا“۔

سامعین نے ان کی اس بات پر قہقہے لگائے اور تالیاں بجائیں۔ آر ایل ڈی لیڈر نے کہا میں نہیں جانتا کہ وہ لوگ میرے بارے میں کیا کہتے ہیں۔ میری خوشامد کرکے انہیں کیاملے گا۔ میں تو ہیمامالینی بننا نہیں چاہتا۔

آپ لوگوں کے لیے کیا کریں گے۔ آپ نے 7 کسان خاندانوں کے لیے کیا کیا؟ اجئے مشرا تینی ابھی بھی وزیر کیوں بنے ہوئے ہیں؟ واضح رہے کہ مرکزی وزیر اجئے مشرا تینی کے لڑکے آشیش مشرا نے مبینہ طور پر اکتوبر میں لکھیم پور کھیری میں ایک احتجاج کے دوران کسانوں کو روند دیا تھا۔

انہیں برطرف کرنے اپوزیشن کے مطالبوں کی باوجود مشرا ابھی بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں اپنے عہدہ پر فائز ہیں۔ آر ایل ڈی نے یوپی اسمبلی انتخاب کے سلسلہ میں اکھلیش یادو کی سماج وادی پارٹی حکومت کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔

جاٹ قائد کی مغربی اترپردیش پر کافی گرفت ہے، خاص طور پر اس لیے بھی کیوں کہ وہ کسانوں کے کاز کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔ امیت شاہ نے 26 جنوری کو دہلی میں ایک انتخابی جلسہ میں جاٹ برادری کے قائدین سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ آر ایل ڈی کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

بعد ازاں ایک انتخابی جلسہ میں امیت شاہ نے کہا تھا کہ اکھلیش یادو اور جینت چودھری ووٹوں کی گنتی تک ہی ساتھ ہیں، اگر سماج وادی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو اعظم خان ان کی حکومت میں بیٹھیں گے اور جینت بھائی کو نکال باہر کیا جائے گا۔

جینت چودھری نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کوئی چونّی نہیں ہیں جو اتنی آسانی سے رخ بدل دیں گے۔

ذریعہ
منصف ویب ڈیسک

تبصرہ کریں

Back to top button