نائٹ کلب تنازعہ‘ راہول گاندھی ریسارٹ منتقل

راہول کے دورہ کٹھمنڈو پر تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب وہ پیر کی رات کٹھمنڈو کے ایک نائٹ کلب میں ایک عورت کے ساتھ دیکھے گئے۔ ہندوستان میں ویڈیو وائرل ہوا اور اس پر کمینٹس کی باڑھ آگئی۔

کٹھمنڈو: کٹھمنڈو کے ایک نائٹ کلب میں دکھائی دینے پر تنازعہ کے بعد کانگریس قائد راہول گاندھی قریبی وادی ئ کٹھمنڈو کے ایک ریسارٹ منتقل ہوگئے۔ وہ کل شام اپنی ایک نیپالی دوست سمنیما اداس کی شادی میں شرکت کے لئے کٹھمنڈو پہنچے تھے۔ وہ پہلے کٹھمنڈو کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں مقیم تھے۔ شادی کی تقریب کے بعد راہول گاندھی اور بعض دیگر مہمان منگل کے دن ایک لکژری ریسارٹ ”دی ٹیریس ریسارٹ“ منتقل ہوگئے۔ 2 سیکوریٹی عہدیداروں نے آئی اے این ایس سے اس کی توثیق کی۔

 ٹیریس ریسارٹ وادی کٹھمنڈو کے مضافات میں واقع ہے اور یہ ہمالیہ پہاڑی کی سائٹ سیئنگ کے لئے مشہور ہے۔ یہ ریسارٹ اپنے مہمانوں کو آرگیانک غذا بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ ریسارٹ شیرپا فیملی کی ملکیت ہے جس میں منگل کی شام سمنیما اداس بیاہی گئیں۔ راہول کے دورہ ئ کٹھمنڈو پر تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب وہ پیر کی رات کٹھمنڈو کے ایک نائٹ کلب میں ایک عورت کے ساتھ دیکھے گئے۔ ہندوستان میں ویڈیو وائرل ہوا اور اس پر کمینٹس کی باڑھ آگئی۔

بعد میں نائب کلب میں راہول گاندھی کے ساتھ دکھائی دینے والی عورت پر بھی تنقید ہوئی جو کوئی اور نہیں بلکہ نیپال میں متعینہ چینی سفیر ہو یانکی تھی۔ سیکوریٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی یہ تصور کیسے کرسکتا ہے کہ ایک سفارت کار‘ کسی بیرونی ملک کے ایک قائد کے ساتھ تیسرے ملک میں نصف شب کو دکھائی دے۔ یہ بے بنیاد افواہ ہے اور اس میں کوئی سچائی نہیں۔ وہ عورت دلہن کے خاندان کی کوئی فرد ہوسکتی ہے۔ ہندوستانی میڈیا میں راہول گاندھی کے دورہ کو تنازعہ میں گھسیٹے جانے کے بعد نیپال پولیس نے سادہ لباس میں اپنے آدمی راہول گاندھی کی سیکوریٹی پر لگادیئے۔

 کہا گیا ہے کہ راہول گاندھی اور ان کے بعض ہندوستانی دوست جو سمنیما کی شادی میں شرکت کے لئے کٹھمنڈو آئے ہوئے ہیں‘ جمعہ تک قیام کریں گے۔ اداس فیملی نے کٹھمنڈو کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں جمعہ کی شام ریسیپشن کا اہتمام کیا ہے۔ سمنیما‘ میانمار میں نیپال کے سابق سفیر بھیم اداس کی بیٹی ہے۔ وہ سی این این کی کرسپانڈنٹ رہ چکی ہے اور اس کی شادی نیما مارٹن شیرپا سے ہوئی ہے۔ شیرپا فیملی کا نیپال میں بڑا فیملی بزنس ہے۔ یہ خاندان ہوٹلوں‘ ریسارٹس اور مینوفیکچرنگ یونٹس کا مالک ہے۔ سمنیما فی الحال لمبینی میں ایک پراجکٹ پر کام کررہی ہے۔

 وہ گوتم بدھ کے مقام پیدائش میں ایک بدھسٹ میوزیم قائم کررہی ہے۔ سمینا‘ نئی دہلی میں سی این این کی نمائندہ رہ چکی ہے اور اس نے سیاسی‘معاشی‘ سماجی‘ ماحولیاتی اور عام دلچسپی کی اسٹوریز کور کی تھی۔ دہلی میں سی این این کے لئے کام کرنے کے دوران کہا جاتا ہے کہ وہ اور راہول گاندھی دوست بن گئے تھے۔ سی این این کی ویب سائٹ کے بموجب سمنیما نے 2014کا ہندوستانی الیکشن کور کیا تھا۔ سی این این نے اسے جرنلسٹ آف دی ائیر کا ایوارڈ دیا تھا۔ اگست 2018میں راہول گاندھی‘ کیلاش مانسروور جاتے ہوئے کٹھمنڈو پہنچے تھے۔ کیلاش مانسروور‘ چین کے خوداختیار تبت علاقہ میں واقع ہے۔

تبصرہ کریں

Back to top button