کھیل

رونالڈو یوروکپ 2024 تک ریٹائر نہیں ہوں گے

کرسٹیانو رونالڈو کے مداحوں کیلئے ایک اچھی خبر ہے۔ ان کے پسندیدہ فٹبالر کا اگلے دو سال تک ریٹائرمنٹ کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ رونالڈو اب یورو 2024 تک فٹبال کھیلتے رہنا چاہتے ہیں۔

لزبن: کرسٹیانو رونالڈو کے مداحوں کیلئے ایک اچھی خبر ہے۔ ان کے پسندیدہ فٹبالر کا اگلے دو سال تک ریٹائرمنٹ کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ رونالڈو اب یورو 2024 تک فٹبال کھیلتے رہنا چاہتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے خود ایک ایوارڈ تقریب میں کہی ہے۔ رونالڈو کو لزبن میں فٹبال فیڈریشن آف پرتگال کی جانب سے منعقدہ ایوارڈ تقریب میں اپنے ملک کیلئے سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز دیاگیا۔ اس دوران انہوں نے بتایاکہ میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ میں ورلڈ کپ اور یورو کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔

میں اس کیلئے بہت پرجوش ہوں اور میرا مقصد بہت واضح ہے۔ رونالڈو نے اپنے کیریر میں پرتگال کیلئے 189 میچوں میں 117 گول کیے ہیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے کا ریکارڈ رونالڈو کے پاس تھا۔ اس نے آئرلینڈ کے خلاف گول کرکے عظیم ایرانی فٹبالر علی دائی کے 109 گولوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ رونالڈو اب قطر میں نومبر سے شروع ہونے والے ورلڈکپ 2022 میں اپنے ملک کیلئے کھیلتے نظر آئیں گے۔ یہ ان کا 10واں بڑا بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہوگا۔ رونالڈو فی الحال مانچسٹر یونائٹیڈ کیلئے کلب فٹبال کھیلتے ہیں۔

گزشتہ سیزن میں انہوں نے اپنے پرانے کلب کیلئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تاہم گزشتہ سال یونائیٹڈ کی مجموعی کارکردگی کچھ خاص نہیں تھی۔ اس بار نئے سیزن کے آغاز سے قبل یہ بات بھی زوروں پر تھی کہ رونالڈو یونائٹیڈ چھوڑ سکتے ہیں حالانکہ وہ اپنے کلب کے ساتھ ہی ہیں۔