وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ساریو کنال پراجکٹ کا افتتاح

افتتاحی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ طبعی کاشت کاری کا طریقہ اپنائیں، جس سے نہ صرف پانی کی بچت ہوگی، بلکہ پیداوار بھی بہتر ہوگی۔

بلرام پور (یوپی): وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ساریو کنال نیشنل پراجکٹ کا افتتاح انجام دیا، جو 14 لاکھ ہیکٹر اراضی کو آبپاشی فراہم کرنے کا تیقن کرے گا اور مشرقی اترپردیش کے تقریباً 29 لاکھ کسان اس سے مستفید ہوں گے۔ پراجکٹ 9,800 کروڑ روپئے سے زیادہ مصارف پر مکمل کیا گیا اور گذشتہ 4 سالوں میں اس کے لیے 4,600 کروڑ روپئے سے زیادہ رقم فراہم کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں گورنر اترپردیش آنندی بین پٹیل، چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ، مرکزی وزیر جل شکتی، گجیندرا سنگھ شخاوت، ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ اور دیگر اہم افراد شرکت کیے۔

 ساریو کنال پراجکٹ میں پانچ دریاؤں گھاگرا، ساریو، رپتی، بن گنگا اور روہنی کو ایک دوسرے سے مربوط کیا جارہا ہے، تاکہ علاقہ کے آبی وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنایا جاسکے۔ پراجکٹ پر کام کا آغاز 1978ء میں ہوا، لیکن بجٹ کی عدم منظوری، بین محکمہ جاتی تعاون اور مناسب مانیٹری کی عدم موجودگی کے سبب پراجکٹ کی تکمیل میں تقریباً 4 دہوں کی تاخیر عمل میں آئی۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ نتیجتاً سال 2016ء میں پراجکٹ کو پردھان منتری کریشی سینچائی یوجنا میں شامل کیا گیا اور مقررہ وقت میں تکمیل کا نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ نئے سرے سے پراجکٹ پر توجہ دینے کے نتیجہ میں صرف تقریباً 4 سالوں میں اسے مکمل کیا گیا۔

اس پراجکٹ سے مشرقی اترپردیش کے 9 اضلاع بہرائچ، شراوستی، بلرامپور، گونڈا، سدھارتھ نگر، بستی، سنت کبیر نگر، گورکھپور اور مہاراج گنج مستفید ہوں گے۔ پراجکٹ کی تعمیر میں غیرمعمولی تاخیر سے علاقہ کے جو کسان بری طرح متاثر ہوئے انہیں اب بے انتہا فائدہ پہنچے گا۔ افتتاحی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ طبعی کاشت کاری کا طریقہ اپنائیں، جس سے نہ صرف پانی کی بچت ہوگی، بلکہ پیداوار بھی بہتر ہوگی۔

 انہوں نے کسانوں کو 16 دسمبر کو منعقد ہونے والے بڑے پروگرام میں مدعو کیا اور کہا کہ اس سے انہیں بہت فائدہ حاصل ہوگا۔ صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کے منتظر ہیں کہ ساریو کنال نیشنل پراجکٹ کا سہرا اپنے سر لیں۔ اپنی تقریر کے آغاز پر انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک جوشیلے، فرض شناس اور مقبول چیف منسٹر ہیں، جنہوں نے ریاست میں مافیا کا صفایا کرنے مہم چلائی ہے۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button