کرپشن کی روک تھام کیلئے فون نمبر جاری کروں گا: بھگونت مان

چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان نے اپنے عہدہ کا حلف لینے کے ایک دن بعد آج اعلان کیا کہ وہ شہیداعظم بھگت سنگھ کی یوم ِ شہادت 23 مارچ کو ایک موبائل فون نمبر عوام کے لئے جاری کریں گے تاکہ وہ روزمرہ کے کاموں کے لئے رشوت طلب کرنے والے عہدیداروں یا بدعنوانیوں میں ملوث افراد کے ویڈیوز اَپ لوڈ کرسکیں۔

چندی گڑھ: چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان نے اپنے عہدہ کا حلف لینے کے ایک دن بعد آج اعلان کیا کہ وہ شہیداعظم بھگت سنگھ کی یوم ِ شہادت 23 مارچ کو ایک موبائل فون نمبر عوام کے لئے جاری کریں گے تاکہ وہ روزمرہ کے کاموں کے لئے رشوت طلب کرنے والے عہدیداروں یا بدعنوانیوں میں ملوث افراد کے ویڈیوز اَپ لوڈ کرسکیں۔

انہوں نے سیول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو تلقین کی کہ وہ سرکاری خدمت گار کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔ اس میں کوئی تضاد نہیں ہونا چاہئے اور اس طرح حالیہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو ملے بھاری خط ِ اعتماد کا احترام کریں۔

چیف منسٹر نے کہا کہ عوام جنہوں نے ہمیں ریاست کی خدمت کرنے کا موقع دیا ہے‘ جمہوریت میں اصل حکمراں ہیں اور ان کے پاس قائدین کو حکومت کرنے یا باہر کا راستہ دکھانے کا اختیار حاصل ہے۔ مان نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مظاہرہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میاچس میں جیت یا ہار ہوتی ہے لیکن ٹیم اسپرٹ ہی ایک ایسی چیز ہے جو معنی رکھتی ہے۔

اسی لئے انہوں نے عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کریں تاکہ پنجاب کو صف ِ اول کی ریاست بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ریاست کو لندن‘ کیلیفورنیا یا پیرس بنانے کی نہیں بلکہ حقیقی پنجاب بنانے کی فکر ہونی چاہئے۔

چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت سیاسی انتقام میں ملوث نہیں ہوگی اور ساری ریاستی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اپنے فرائض کسی سیاسی دباؤ کے بغیر بلاخوف و خطر انجام دیں۔ سابقہ حکومتوں کے برعکس پوری پابندی ئ عہد‘ خلوص اور دیانتداری کے ساتھ پنجابیوں کی امنگوں کو پورا کریں جنہوں نے غیرمعمولی فیصلہ سناتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو اقتدار سے نوازا ہے۔

بھگونت مان نے کہا کہ میں سابقہ سیاسی جماعتوں کی طرح سرخ ڈائری نہیں رکھتا۔ میرے پاس صرف سبزڈائری ہے لہٰذا آپ کو کسی سیاسی انتقام کے بارے میں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ سیول اور پولیس عہدیداروں کی صلاحیتوں اورقابلیت کی ستائش کرتے ہوئے مان نے کہا کہ میں آپ سے عام آدمی کا احترام کرنے کی توقع کرتا ہوں اور بدلے میں وہ بھی آپ کا احترام کریں گے۔ آپ عوامی خدمت گار ہونے کے حقیقی جذبہ کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے واضح طورپر کہا کہ میری حکومت میں بدعنوان عہدیداروں کی کوئی جگہ نہیں ہے اور اگر ایسی کوئی شکایت میرے علم میں آتی ہے تو پھر ایسے عہدیداروں کے لئے کسی قسم کی ہمدردی کی توقع نہ رکھیں۔

چیف منسٹر نے روایت شکنی کرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا کہ عام آدمی کی زندگی میں فرق پیدا کرنے‘ سبھی کے لئے آزادانہ و منصفانہ انداز میں انصاف کو یقینی بنانے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے پر ہر 3 ماہ میں سیول اور پولیس عہدیداروں کو ”بہترین کارکردگی ایوارڈ“ دیا جائے گا۔

پنجاب کو ایک مثالی ریاست بنانے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے مان نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین فکرمندی نوجوانوں کے لئے ڈھیر ساری ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ہوگی تاکہ ریاست سے بہترین ذہنوں کی دیگر ممالک کو منتقلی کے بدبختانہ رجحان کی روک تھام کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتِ حال نے غریب اوربے سہارا والدین کو مجبور کردیا ہے کہ وہ اپنی جائیدادیں فروخت کردیں تاکہ اپنے بچوں کو بہتر مواقع اور حصول ِ روزگار کے لئے بیرونی ممالک کو روانہ کرسکیں۔ مان نے وعدہ کیا کہ ان کی حکومت عنقریب ایک جامع منصوبہ پیش کرے گی تاکہ ترجیحی بنیادوں پر بے روزگار نوجوانوں کیلئے ملازمت کے بے شمار مواقع پیدا کئے جاسکیں۔

تبصرہ کریں

Back to top button