کرناٹک

جگدیش شیٹر، بی جے پی چھوڑکر کانگریس میں شامل

سینئر بی جے پی قائد اور سابق چیف منسٹر کرناٹک جگدیش شیٹر پیر کے دن کانگریس میں شامل ہوگئے۔ 10مئی کے اسمبلی الیکشن سے قبل برسراقتدار جماعت کو بڑا دھکا پہنچا۔

بنگلورو: سینئر بی جے پی قائد اور سابق چیف منسٹر کرناٹک جگدیش شیٹر پیر کے دن کانگریس میں شامل ہوگئے۔ 10مئی کے اسمبلی الیکشن سے قبل برسراقتدار جماعت کو بڑا دھکا پہنچا۔

متعلقہ خبریں
کانگریس، جگدیش شیٹر کو اہم عہدہ دے گی
کرناٹک قانون ساز کونسل میں متنازعہ مندر ٹیکس بل کو شکست
بین مذہبی جوڑے کو مارپیٹ،7 افراد گرفتار
6سال سے کوما میں موجود لڑکے کی موت، والدین کا ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ملک میں کووڈ کے 646 نئے کیسس، ایک موت

بی جے پی کے سابق ریاستی صدر نے بھگوا جماعت پر تنقید کی کہ اس نے ان کی بے عزتی کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں شامل ہوتے ہوئے اپنی زندگی کا ”نیا باب“ شروع کررہے ہیں۔ 6 مرتبہ رکن اسمبلی رہے جگدیش شیٹر کو بی جے پی نے اِس بار ہبلی۔ دھارواڑ(سنٹرل) حلقہ سے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا تھا جس پر وہ بھڑک گئے۔

جگدیش شیٹر‘ اسمبلی میں قائد اپوزیشن اور اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ شمالی کرناٹک سے تعلق رکھنے والے لنگایت قائد نے سینئر قائدین کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ کانگریس کی انتخابی کمیٹی کے سربراہ ایم بی پاٹل نے کہا ہے کہ جگدیش شیٹر کے آنے سے کانگریس کو تقویت ملی ہے۔

اب لنگایت بی جے پی کے خلاف ہوجائیں گے اور کانگریس کی طرف آجائیں گے۔ گزشتہ ہفتہ سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور ایک اور لنگایت قائد لکشمن ساؤدی نے بھی بی جے پی چھوڑکر کانگریس کا دامن تھام لیا تھا۔ انہیں بھی بھگوا جماعت نے اِس بار ٹکٹ دینے سے انکار کردیا تھا۔

کانگریس میں شمولیت کے بعد جگدیش شیٹر کو صدر پردیش کانگریس شیو کمار نے بی فارم حوالہ کیا تاکہ وہ ہبلی۔ دھارواڑ(سنٹرل) حلقہ سے الیکشن لڑسکیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ شمالی کرناٹک کے ممتاز لنگایت قائد جگدیش شیٹر کا بی جے پی چھوڑنا شمالی کرناٹک علاقہ میں کئی اسمبلی حلقوں میں بی جے پی کی جیت کے امکانات پر اثرانداز ہوگا۔