کھیل

سرب بھیڑیئے نوواک جوکووچ کو آخر کار شکست کا سامنا، کارلوس الکاراز ومبلڈن چیمپئن

اس شکست کے بعد جوکووچ کو 24 واں گرانڈ سلام ٹائٹل جیتنے کے لئے سال کے آخری بڑے ایونٹ یو ایس اوپن 2023 کا انتظار کرنا پڑے گا۔

لندن: ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے بالآخر اتوار کو ومبلڈن 2023 کا خطاب جیت کر سربیا کے لیجنڈ نوواک جوکووچ کا جادو توڑ دیا۔

اسپین کے 20 سالہ الکاراز نے گزشتہ پانچ ومبلڈن جیتنے والے جوکووچ کو زبردست فائنل مقابلے میں پہلا سیٹ گنوانے کے بعد 1-6، 7-6 (8-6)، 6-1، 3-6، 6-4 سے شکست دے دی۔

جوکووچ گزشتہ ایک دہائی میں آل انگلینڈ لان ٹینس کلب کے سینٹر کورٹ پر ایک بھی میچ نہیں ہارے تھے۔ یہاں تک ومبلڈن میں پہلا سیٹ جیتنے کے بعد بھی جوکووچ نے کوئی میچ نہیں ہارے تھے۔ لیکن الکاراز نے سبھی اعدادوشمار کو غلط ثابت کرتے ہوئے 23 بار کے گرینڈ سلام چیمپیئن سے فتح چھین لی۔

اس شکست کے بعد جوکووچ کو 24 واں گرانڈ سلام ٹائٹل جیتنے کے لئے سال کے آخری بڑے ایونٹ یو ایس اوپن 2023 کا انتظار کرنا پڑے گا۔

جوکووچ آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن کی شکل میں سال کے پہلے دو گرانڈ سلام ایونٹ جیتنے کے بعد لندن آئے تھے لیکن الکاراز کی اس فتح نے سرب بھیڑیئے کے ایک سال میں چاروں گرانڈ سلام جیتنے کا خواب توڑ دیا ہے۔

الکاراز کا یہ دوسرا گرانڈ سلام ٹائٹل ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ہسپانوی لیجنڈ رافیل نڈال کے جانشین ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے یو ایس اوپن 2022 میں چیمپئن کا تاج بھی سر کیا تھا۔

ومبلڈن کے فائنل میں الکاراز سے شکست کے بعد نوواک جوکووچ نے اپنا ریاکٹ توڑ ڈالا۔ انہوں نے شکست کے ساتھ ہی غصہ کے عالم میں نیٹ کے ایک ستون پر اپنا ٹینس ریاکٹ دے مارا کے باعث وہ ٹوٹ گیا۔

ان کی اس حرکت پر ٹینس شائقین نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سوشیل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے شائقین کا کہنا ہے کہ جوکووچ کی یہ حرکت اسپورٹسمین شپ کی روح اور جذبہ کے مغائر ہے۔ انہیں ہر قسم کے حالات میں اپنے اعصاب پر قابو رکھنا چاہئے۔

ایک ٹویٹر یوزر نے سوال کیا کہ جب کبھی نوواک جوکووچ نے فائنل جیتا، تو کیا ان کے حریف کھلاڑی نے اپنی شکست پر ایسی ہی کوئی حرکت کی؟ جوکووچ کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہر فتح کسی نہ کسی کی ہار کی محتاج ہوتی ہے۔