یوپی اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست جاری

کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ پارٹی‘ اترپردیش میں اپنے آپ کو مضبوط بنانا چاہتی ہے اور عوام‘ ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مسائل کو سیاست میں اجاگر کرنا چاہتی ہے۔

نئی دہلی: پرینکا گاندھی وڈرا نے آج کہا کہ کانگریس نے انصاف کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو انتخابی سیاست میں لاتے ہوئے ایک نیا صفحہ پلٹا ہے۔

انہوں نے یہاں یوپی اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کے 125 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جن میں 50 خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اترپردیش میں خواتین کو سیاست کے شہ نشین پر لادیا ہے۔ اب کوئی بھی پارٹی انہیں نظرانداز نہیں کرسکتی۔

پارٹی امیدواروں کو فہرست جاری کرتے ہوئے آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی ریاست میں ایک نئے طرز کی سیاست لانا چاہتی ہے اور انصاف کے لئے لڑنے والوں کو انتخابی سیاست کے پیش منظر میں لانے کی خواہاں ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ لوگوں کو نفرت اور منفی سوچ کے لئے اکسانا آسان ہے لیکن عوام سے متعلق مسائل اور ترقی کے لئے آگے بڑھانا مشکل ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ پارٹی‘ اترپردیش میں اپنے آپ کو مضبوط بنانا چاہتی ہے اور عوام‘ ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مسائل کو سیاست میں اجاگر کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس چاہتی ہے کہ خواتین سیاسی عمل میں حصہ لیں۔

ذریعہ
پی ٹی آئی

تبصرہ کریں

Back to top button