یوگی آدتیہ ناتھ‘ اسلامی دنیا کےلئے چیلنج: بی جے پی قائد شکلا

اترپردیش کے وزیر آنند سروپ شکلا نے کہاکہ اکھلیش یادو کو پاکستانی آئی ایس آئی کی سرپرستی حاصل ہے اور وہ مسلمانوں کی خوشامد کے لئے اپنا دھرم پریورتن تک کرسکتے ہیں یعنی اسلام قبول کرسکتے ہیں۔

بلیا (یوپی): اترپردیش کے وزیر آنند سروپ شکلا نے الزام عائد کیا کہ سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو کو پاکستانی آئی ایس آئی کی سرپرستی حاصل ہے اور وہ مسلمانوں کی خوشامد کے لئے اپنا دھرم پریورتن تک کرسکتے ہیں یعنی اسلام قبول کرسکتے ہیں۔ انہوں نے منگل کے دن اپنے بنگلہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اکھلیش یادو کو پڑوسی ملک کی انٹرسرویسس انٹلیجنس سے مالی مدد مل رہی ہوگی۔

 بی جے پی قائد شکلا نے کہا کہ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ‘ اسلامک ورلڈ (اسلامی دنیا) کے لئے چیلنج بن گئے ہیں۔ سماج وادی پارٹی سربراہ کو مسلم ممالک سے ساری مدد مل رہی ہے۔ اکھلیش کو آئی ایس آئی کا ”سن رکشن اور سجھاؤ“ (سرپرستی اور مشورہ) حاصل ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ انہیں آئی ایس آئی سے مالی مدد مل رہی ہو۔

اکھلیش یادو نے اتوار کے دن ہردوئی میں مہاتما گاندھی‘ سردار پٹیل‘ جواہر لال نہرو اور بانی پاکستان محمد علی جناح کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان قائدین نے ہندوستان کی آزادی کی لڑائی لڑی تھی۔ شکلا نے کہا کہ مسلمانوں کو خوش کرنے کے لئے اکھلیش نے نماز پڑھی تھی اور روزہ رکھا تھا۔ وہ ووٹوں کے لئے متان ترن اور ختنہ بھی کراسکتا ہے۔

 سابق چیف منسٹر یہ سب کچھ پاکستان کی ایماء پر کررہے ہیں۔ اکھلیش یادو نے سردار پٹیل کا تقابل جناح سے کیا تھا جو قابل مذمت ہے۔ اکھلیش نے 1948 میں مہاتما گاندھی کے قتل کے بعد سردار پٹیل کی طرف سے آر ایس ایس پر امتناع عائد کرنے کا بھی ذکر کیا تھا۔

ذریعہ
پی ٹی آ:ی

تبصرہ کریں

Back to top button