ناگپور کی ایک فیکٹری میں دھماکہ‘9افراد ہلاک
چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے اس سلسلہ میں منظوری دیدی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید بتایاہے کہ سولار انڈسٹریز میں دھماکہ میں ہلاک ہونے والوں میں 6 خواتین شامل ہیں۔
ناگپور: فوج کیلئے سامان تیارکرنے والی ایک فیکٹری میں دھماکہ کی وجہ 9افراد ہلاک اور 3 دوسرے شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یہ دھماکہ آج صبح 9بجے سولارانڈسٹریز کے کاسٹ بوسٹر یونٹ میں پیش آیا‘ جس کی وجہ بازارگاؤں علاقہ میں افراتفری پھیل گئی۔
یہ بات پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے خبررساں ادارہ پی ٹی آئی کے نمائندہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کے ضلع ناگپور میں واقع ایکسپلوسیومینوفیکچرنگ فیکٹری میں دھماکہ کی محرکات کا جائزہ لیاجارہا ہے۔
انہوں نے بتایاہے کہ دھماکہ کی وجہ بلڈنگ کو شدید نقصان پہنچا۔ یہ دھماکہ یہاں سے تقریباً40کلومیٹر پر پیش آیا ہے۔ اس موقع پر فیکٹری میں بتایاجاتاہے کہ 12 کارکن کام کررہے تھے۔ مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندرپھڈنویس نے دھماکہ کو بدبختانہ قراردیتے ہوئے غمزدہ ارکان سے اظہارتعزیت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے غمزدہ خاندانوں کو 5لاکھ روپئے ایکس گریشیا فراہم کیاجائے گا۔ چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے اس سلسلہ میں منظوری دیدی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید بتایاہے کہ سولار انڈسٹریز میں دھماکہ میں ہلاک ہونے والوں میں 6 خواتین شامل ہیں۔
مذکورہ کمپنی کی جانب سے مسلح افواج کے لئے ڈرونس کے علاوہ دھماکو مادے تیارکئے جاتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید بتایاہے کہ کلکٹرناگپور کے علاوہ سپرنٹنڈنٹ پولیس اور دوسرے عہدیداروں کے ساتھ ربط پیدا کیاگیا ہے تاکہ وقفہ وقفہ سے صورتحال کا علم ہوسکے۔ زخمیوں کو دواخانہ سے رجوع کردیاگیا ہے اور عمارت سے ورکرس کا تخلیہ عمل میں لایاجاچکا ہے۔
پولیس اور انتظامی امور کے عہدیداران مقام پر حالات کا جائزہ لینے میں سرگرم ہیں۔ حکام نے بتایاہے کہ دھماکہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں اور قرب وجوار کے علاقوں میں رہنے والے افراد کے تحفظ کو بھی یقینی بنایاجارہا ہے۔