دہلی

مندر میں اسٹیج منہدم، ایک عورت ہلاک

کالکاجی مندر نئی دہلی میں کل رات ایک مذہبی تقریب میں اسٹیج گرپڑنے سے ایک 45 سالہ عورت کی موت واقع ہوئی اور 17افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

نئی دہلی: کالکاجی مندر نئی دہلی میں کل رات ایک مذہبی تقریب میں اسٹیج گرپڑنے سے ایک 45 سالہ عورت کی موت واقع ہوئی اور 17افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

واقعہ کل رات تقریباً12:30بجے کا ہے۔ پولیس کے بموجب ہفتہ کی رات کالکاجی مندر کے مہنت پریسر میں جاگرن کا اہتمام کیاگیاتھا جس میں تقریباً 1600 افراد شریک تھے۔

چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے عورت کی موت پراظہارتعزیت کیا اور زخمیوں کے جلدصحتیاب ہونے کی توقع کی۔ انہوں نے کہا کہ میں دہلی کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایسے بڑے جلسوں میں سیفٹی کا خاص خیال رکھیں اور ایسے انتظامات کئے جائیں کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ ایسٹ راجیش دیو نے کہا کہ مندر میں جاگرن کیلئے پیشگی اجازت نہیں لی گئی تھی تاہم نظم وضبط کی برقراری کیلئے کافی فورس لگائی گئی تھی۔ ہفتہ کی رات ساڑھے 12بجے کے آس پاس 1500 تا1600افراد جاگرن میں موجودتھے۔

پولیس کے بموجب مین اسٹیج کے قریب آہنی فریم کی مدد سے لکڑی کا پلیٹ فارم بنایاگیاتھا جو منتظمین اور وی آئی پیز کے ارکان خاندان کیلئے تھا۔ پلیٹ فارم کا درمیانی حصہ لوگوں کا وزن سنبھال نہ سکا اور ٹوٹ گیا۔

لوگ نیچے گرپڑے۔ ایک عینی شاہد نے بتایاکہ بھگدڑجیسی صورتحال تھی۔ ہرکوئی اپنی جان بچانے بھاگ رہا تھا۔ فائربریگیڈطلب کیاگیا۔ دہلی پولیس کرائم برانچ کی ٹیم نے بعدازاں مندر کا دورہ کیا۔ زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔