شمالی بھارت

ایودھیا میں رام مندر کو25 کروڑ روپئے کے عطیات موصول

نو تعمیر شدہ رام مندر میں 22 جنوری کو پران پرتشٹھا تقریب کے اندرون ایک ماہ 25 کروڑ روپئے کے عطیات وصول ہوئے ہیں‘جن میں 25 کلو سونا اور چاندی کے زیورات شامل ہیں۔

ایودھیا (یوپی): نو تعمیر شدہ رام مندر میں 22 جنوری کو پران پرتشٹھا تقریب کے اندرون ایک ماہ 25 کروڑ روپئے کے عطیات وصول ہوئے ہیں‘جن میں 25 کلو سونا اور چاندی کے زیورات شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں
کیا ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر سے مسائل حل ہوگئے؟ کانگریس لیڈرکا سوال
رام مندر جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ : موہن بھاگوت
حیدرآباد: ایودھیا کے باشندے نے جنسی تعلق سے انکار پر ساتھی کا قتل کردیا
عبادت گاہوں سے متعلق عدالتوں کے فیصلے اور حکومت کا رویہ تشویشناک : امیر شریعت
رام مندر کے موضوع پر پیامات، عوام چوکس رہیں: سائبر سیکوریٹی

مندر ٹرسٹ کے عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔ رام مندر ٹرسٹ کے آفس انچارج پرکاش گپتا نے بتایا کہ 25 کروڑ روپئے کی رقم میں چیک‘ ڈرافٹ اور مندر ٹرسٹ کے دفتر میں جمع کرائی گئی نقد رقم کے علاوہ چندے کے ڈبوں میں ڈالی گئی رقم بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں ٹرسٹ کے بینک کھاتوں میں آن لائن ٹرانزکیشن کے ذریعہ دی گئی رقم کے بارے میں معلومات نہیں ہیں۔ گپتا نے کہاکہ 23 جنوری سے اب تک جملہ 60 لاکھ بھکتوں نے درشن کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رام کے بھکتوں کی عقیدت ایسی ہے کہ وہ لوگ رام للا کے لیے سونے اور چاندی کے زیورات کا عطیہ دے رہے ہیں جنہیں شری رام جنم بھومی میں استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

اس کے باوجود بھکتوں کی عقیدت کو مد نظر رکھتے ہوئے رام مندر ٹرسٹ زیورات‘ برتن اور سونے اور چاندی سے بنے ہوئے سامان بھی قبول کررہا ہے۔ گپتا نے بتایا کہ مندر ٹرسٹ کو توقع ہے کہ رام نومی تہوار کے موقع پر جب ایودھیا میں تقریباً50لاکھ بھکت موجود رہیں گے‘ عطیات میں اِضافہ ہوجائے گا۔

گپتا نے مزید کہاکہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے رام جنم بھومی میں 4 آٹو میٹک ہائی ٹیک گنتی مشینیں نصب کی ہیں تاکہ بھاری رقومات پر کنٹرول کیاجاسکے۔

ٹرسٹ نے تقریباً ایک درجن کمپیوٹرائز کاونٹرس بھی قائم کئے ہیں تاکہ رسیدیں جاری کی جاسکیں اور رام مندر ٹرسٹ کی جانب سے مندر کے احاطہ میں چندہ کے اضافی باکسس بھی رکھے جارہے ہیں۔

عنقریب ایک بڑا اور ساز و سامان سے لیس کاونٹنگ روم بھی تیار کیاجائے گا۔

رام مندر کے ٹرسٹی انیل مشرا نے بتایا کہ رام للا کو بطور تحفہ حاصل ہونے والے سونے اور چاندی کے زیورات اور قیمتی اشیاء کی قدر جانچنے انہیں گلانے اور دیکھ بھال کی ذمہ داری گورنمنٹ آف انڈیا کی منٹ کو تفویض کی گئی ہے۔ مشرا نے بتایا کہ ایس بی آئی اور ٹرسٹ کے درمیان ایک یاد داشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ہیں۔