یوروپ

پلانٹ میں آگ لگنے سے لیتھیئم کی 900 ٹن بیٹریاں خاکستر

فرانس میں ایک ری سائیکلنگ پلانٹ میں آتشزدگی کے باعث لیتھیئم کی 900 ٹن بیٹریاں جل گئیں۔

پیرس: فرانس میں ایک ری سائیکلنگ پلانٹ میں آتشزدگی کے باعث لیتھیئم کی 900 ٹن بیٹریاں جل گئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز جنوبی فرانس کے شہر ٹولوز کے شمال میں واقع علاقے ویویز میں ایک بیٹری ری سائیکلنگ پلانٹ میں تقریباً 900 ٹن لیتھیئم بیٹریوں میں آگ لگ گئی، جس سے علاقے میں آسمان پر گھنے سیاہ زہریلی دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

واضح رہے کہ لیتھیئم بیٹریاں فون سے لے کر الیکٹرک کاروں تک برقی آلات میں بہت اہم ہیں، ان میں آتش گیر مادہ موجود ہوتا ہے جو بہت زیادہ خطرناک ہوتا ہے، کیوں کہ ان میں توانائی بھی ذخیرہ ہوتی ہے۔

اگر یہ زیادہ درجہ حرارت کے قریب ہو جائے تو ان میں آگ بھڑک سکتی ہے، اور جلنے سے ان میں سے زہریلا مادہ خارج ہو سکتا ہے۔