تلنگانہ

یدادری کے ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو یدادری مندر کے تعمیراتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کرنے کی ہدایت دی۔

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو یدادری مندر کے تعمیراتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کرنے کی ہدایت دی۔

آج یدادری کے دورہ پر آئے چیف منسٹر نے پہلے اپنی اہلیہ کے ہمراہ لکشمی نرسمہا سوامی مندر میں خصوصی پوجا کی۔

پوجا کے بعد کے سی آر نے مختلف محکموں کے ذمہ داروں کے ساتھ مندر کے تعمیراتی کام، بس اسٹیشن کی تعمیر، گنڈی چیرو کے ترقیاتی کام اور یدادری کی ترقی کے مختلف کاموں میں پیش رفت سے واقفیت حاصل کی۔

چیف منسٹر نے عہدیداروں کو تمام تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ قبل ازیں چیف منسٹر اور ان کی اہلیہ حیدرآباد سے براہ سڑک یدادری پہنچے جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔

انہوں نے لکشمی نرسمہا سوامی مندر میں پوجا کی اور مندر کے گوپورم کیلئے اپنے خاندان کی طرف سے16 تولہ سونے کا عطیہ دیا۔ چیف منسٹر کے دورہ یدادری کے موقع پر پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے۔

اس موقع پر ریاستی وزراء جی جگدیش ریڈی، اے اندرا کرن ریڈی، وی پرشانت ریڈی، وائی ٹی ڈی اے کے نائب صدر نشین کشن راؤ، وہپ جی سنیتا، اراکین اسمبلی کونسل و دیگر عہدیدار موجود تھے۔