شمالی بھارت

کولکتہ میں ای ڈی کے دھاوے، 7 کروڑ روپئے برآمد

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیموں نے ہفتہ کے روز کولکتہ میں 3 علیحدہ مقامات پر دھاوے کیے اور شہر کے ایک تاجر کے قبضہ سے بھاری رقم برآمد کی۔

کولکتہ: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیموں نے ہفتہ کے روز کولکتہ میں 3 علیحدہ مقامات پر دھاوے کیے اور شہر کے ایک تاجر کے قبضہ سے بھاری رقم برآمد کی۔

500 اور 2000 روپئے کے کرنسی نوٹوں کی گنتی جاری ہے، لیکن ایک اندازے کے مطابق مرکزی ایجنسی کے عہدیداروں نے تقریباً 7 کروڑ روپئے کی رقم ضبط کی ہے۔ ہفتہ کی صبح ای ڈی کی ٹیمیں مرکزی مسلح فورسس کے عملہ کے ساتھ مرکزی حکومت کے دفتر (سی جی او کامپلکس) سے روانہ ہوئیں۔

پہلی ٹیم 34 میکلوڈ اسٹریٹ پر ہمہ منزلہ ہاؤزنگ کامپلکس میں ایک ایڈوکیٹ کی رہائش گاہ پر پہنچی۔دوسری ٹیم نے شاہی اصطبل لین میں ایک تاجر نثار علی کی رہائش گاہ پر دھاوا کیا۔ وہاں سے ای ڈی عہدیداروں نے ایک بھاری ٹرنک برآمد کیا، جس میں 500 اور 2000 کرنسی نوٹوں کی شکل میں بھاری رقم موجود تھی۔

ای ڈی کے عہدیداروں نے فوری مقامی برانچ کو نوٹوں کی گنتی کی مشینوں کے ساتھ عملہ کو تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گنتی ہنوز جاری ہے۔ نثار علی رقم کا ذریعہ بتانے سے قاصر رہا۔ وہ بظاہر ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتا ہے، لیکن دراصل کئی مالیاتی غبن کے ریاکٹس میں ملوث ہے۔

ای ڈی کے عہدیدار اس کے سب سے چھوٹے لڑکے عامر سے بھی پوچھ تاچھ کررہے ہیں۔ اسی دوران ای ڈی کے عہدیداروں کی تیسری ٹیم نے میور بھنج روڈ پر تیار ملبوسات کے ایک تاجر کی رہائش گاہ پر دھاوے کیے اور تلاشی لی۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے گزشتہ دو ماہ کے دوران تیسری مرتبہ بھاری رقم برآمد کی ہے۔

پی ٹی آئی کے بموجب ای ڈی نے آج کہا کہ اس نے کولکتہ میں قائم موبائل گیمنگ ایپ کمپنی کے پروموٹرس پر دھاوے کرتے ہوئے 7 کروڑ روپئے سے زیادہ کی رقم برآمد کی ہے۔ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلہ میں یہ دھاوے کیے گئے تھے۔ وفاقی ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک تصویر میں 500، 2000 اور 200 روپئے کی نوٹوں کی گڈیاں ایک پلنگ میں چھپائی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں۔