حیدرآباد

کانگریس قائدین میں اتحاد کی ضرورت پر زور: ڈگ وجئے سنگھ

ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ وہ اپنے دونوں ہاتھ جوڑ کر کانگریسیوں بالخصوص پارٹی کے سینئر قائدین سے یہ التماس کرتے ہیں کہ آپ جو کچھ کہنا چاہتے ہیں، براہ کرم پارٹی کے اندر ہی کہیں اور پارٹی قیادت کے سامنے اپنی بات رکھیں۔

حیدرآباد: کانگریس کے سینئر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے جمعہ کے روز تلنگانہ پردیش کانگریس کے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی فورم کے اندر اپنے خیالات رکھیں اگر کوئی برسر عام الزامات وجوابی الزامات عائد کرے گا، پارٹی کی قیادت اس کے خلاف سخت کاروائی کرے گی۔

 تلنگانہ میں مخالف حکومت لہر چل رہی ہے۔ ان حالات میں کانگریس قائدین کو بی آر ایس اور بی جے پی کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے متحدہ طور پر جدوجہد کرنا چاہے۔

تلنگانہ پردیش کانگریس میں پیدا بحران کو خوشگوار حل ڈھونڈنے کیلئے ڈگ وجئے سنگھ چہارشنبہ کی شام سے پردیش کانگریس کے مختلف قائدین کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں کررہے ہیں۔

 حالیہ تشکیل جدید کمیٹیوں میں دیگر جماعتوں سے پارٹی میں شامل قائدین کو نمائندگیاں دینے پر چند سینئر قائدین نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور اس بات کی شکایت کی تھی کہ یہ عمل، پارٹی کے حقیقی قائدین اور کارکنوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کرنے کے مترادف قرار دیا تھا۔

سیاست میں خواہشات ایک فطری عمل ہے اور ہر کوئی خواہش رکھتا ہے۔ لیکن پارٹی ڈسپلین مقدم رہنا ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ وہ اپنے دونوں ہاتھ جوڑ کر کانگریسیوں بالخصوص پارٹی کے سینئر قائدین سے یہ التماس کرتے ہیں کہ آپ جو کچھ کہنا چاہتے ہیں، براہ کرم پارٹی کے اندر ہی کہیں اور پارٹی قیادت کے سامنے اپنی بات رکھیں۔

جمعہ کے روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی الزامات کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ حالیہ واقعہ کی طرح مستقبل میں مزید واقعات پیش نہیں آنا چاہئے۔

 اگر اس کے باوجود اس طرح کا واقعہ پیش آتا ہے تو پھر پارٹی قیادت ضرور سخت کاروائی کرنے پر مجبور ہوجائے گی اس سلسلہ میں کسی قائد کو بخشا نہیں جائے گا۔

دریں اثنا مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی، راہول گاندھی کی جاری بھارت جوڑو یاترا روکنے کی کوشش کررہی ہے کیونکہ بھارت جوڑو یاترا کی عوامی مقبولیت سے بی جے پی خوف زدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کووڈ کی صورتحال سنگین خطرناک ہے تو اس سے نمٹنے کیلئے تمام کیلئے یکساں پالیسی ہونی چاہئے۔ بی جے پی کی میٹنگیں جاری ہیں۔ راجستھان میں بی جے پی کی ریالیاں اور پدیاترایں جاری ہیں مگر مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ، بھارت جوڑو یاترا کو ملتوی کرنے کی تجویز پیش کررہے ہیں۔

 حقیقت یہ ہے کہ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا سے بی جے پی اور آر ایس ایس خوفزدہ ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا کے اختتام کے بعد کانگریس نے گھر گھر ہات سے ہاتھ جوڑو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔