تلنگانہ

تلنگانہ پولیس عہدیداروں کو ڈی جی پی کی سخت وارننگ

تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سی وی آنند نے پولیس عہدیداروں کو وردی میں ناچنے اور خانگی تقریبات میں حصہ لینے کے معاملے پر سخت انتباہ دیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سی وی آنند نے پولیس عہدیداروں کو وردی میں ناچنے اور خانگی تقریبات میں حصہ لینے کے معاملے پر سخت انتباہ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ پولیس کی وردی پہن کر رقص کرنا اور خانگی تقریبات میں اس طرح شرکت کرنا محکمہ پولیس کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر پولیس عہدیداروں کی وردی میں رقص کرنے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ ان ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد محکمہ پولیس کے نظم و ضبط اور اہلکاروں کے طرز عمل پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

اسی تناظر میں ڈی جی پی سی وی آنند نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ وردی میں رقص کرنے اور نجی تقریبات میں اس انداز سے شرکت کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی محض لباس نہیں بلکہ ذمہ داری، اختیار اور نظم و ضبط کی علامت ہے، اس لیے اس کے وقار اور احترام کو برقرار رکھنا ہر اہلکار کی ذمہ داری ہے۔

ڈی جی پی نے خبردار کیا کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔