حیدرآباد

کے سی آردوراندیش اورغیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل سیاستداں: کے ٹی آر

کے ٹی راماراؤ نے کہاکہ کے سی آر کی جانب سے اتناکچھ کرنے کے بعدبھی چندنادان لوگ ان پر تنقیدیں کرتے ہتے ہیں۔اس صورتحال کے درمیان منوہر چنمی کی جانب سے اس عظیم قائد پر کتاب تحریر کرنا قابل قدر کارنامہ ہے۔

حیدرآباد: کارگزارصدرٹی آرایس وریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راماراؤ نے چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤکودوراندیش‘انقلابی‘ غیرمعمولی سیاست دان قراردیا۔آج سی منوہر چمنی کی تصنیف ”کے سی آر۔دی آرٹ آف پولیٹکس کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کے سی آر نے علحدہ ریاست تلنگانہ کے خواب کو پورا کرتے ہوئے وہ کارنامہ کردکھایا جوگزشتہ چھ دہوں کے دوران کسی سے ممکن نہیں ہوسکا تھا۔

یہاں علاقہ تلنگانہ میں اوروہاں نئی دہلی میں سب کوساتھ لیکر تشکیل تلنگانہ کے لئے ماحول کو سازگار بنایا۔علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے لئے لائحہ عمل تیار کیا۔اپنی مکمل طاقت اور سیاسی بصیرت کا استعمال کیااور آخر میں اپنی جان پرکھیل کر ساڑھے تین کروڑعوام کے خوابوں کی ریاست کے حصول کے لئے مرن برت بھی رکھا۔اپنے دور اندیشی سے اُن افراد کو شکست سے دوچار کردیاجوقیام تلنگانہ کوناممکن قرار دیتے تھے۔ان کی بہترین قیادت میں علحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب پورا ہوا۔

 تشکیل تلنگانہ کے بعد منعقد ہوئے انتخابات میں ٹی آرایس کوکامیابی سے ہمکنار کیا۔ریاست کے پہلے چیف منسٹرہونے کا اعزازحاصل کیا۔پھردنیا کے سب سے بڑے لفٹ اریگیشن پراجکٹ کالیشورم کو مکمل کیا۔ آج ان کی مدبرانہ قیادت میں تلنگانہ کوملک بھر میں کئی شعبوں میں نمبرایک ریاست ہونے کا اعزازحاصل ہے۔

کے ٹی راماراؤ نے کہاکہ کے سی آر کی جانب سے اتناکچھ کرنے کے بعدبھی چندنادان لوگ ان پر تنقیدیں کرتے ہتے ہیں۔اس صورتحال کے درمیان منوہر چنمی کی جانب سے اس عظیم قائد پر کتاب تحریر کرنا قابل قدر کارنامہ ہے۔ اس موقع پرریاستی وزیر ستیاوتی راٹھور‘رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی ودیگر موجودتھے۔