”من کی بات“ پروگرام کے اُردو ترجمہ کی یوپی کے مدارس میں تقسیم
اس کتاب میں دارالعلوم دیوبند اور ندوۃ العلماء جیسے اسلامی تعلیمی اداروں کے سربراہوں کے مبارکبادی پیامات بھی شامل کئے جائیں گے۔ یہ کتاب فروخت کے لئے دستیاب نہیں رہے گی۔ اترپردیش کے مسلم غلبہ والے علاقوں میں اسے بطور تحفہ تقسیم کیا جائے گا۔
لکھنو: 2024 کے عام انتخابات کے مدنظر بی جے پی‘ وزیراعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو خطاب ”من کی بات“ پر مشتمل اردو کتاب اترپردیش کے دینی مدارس اور علماء میں تقسیم کرے گی تاکہ مسلمانوں کو راغب کیا جاسکے۔
اترپردیش بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر کنور باسط علی نے وزیراعظم کے ریڈیو پروگرام برائے سال 2022کے 12 ایپی سوڈ پر مشتمل کتاب تیار کی ہے۔ علی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وزیراعظم مودی کے ”من کی بات“ پروگرام کے 12 ایپی سوڈ کا اردو میں ترجمہ کیا گیا ہے اور انہیں ایک کتاب کی شکل میں شائع کیا جائے گا۔
جنوری تا دسمبر 2022 کے ایپی سوڈ کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔ میں نے اس کی تالیف کی ہے اور میرٹھ کے تابش فرید نے اس کا ترجمہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ کتاب ماہ رمضان میں تیار ہوجائے گی اور اسے شائع کیا جائے گا۔ اس کتاب کو ایک لاکھ افراد تک پہنچانے کا نشانہ ہے۔
اس کتاب میں دارالعلوم دیوبند اور ندوۃ العلماء جیسے اسلامی تعلیمی اداروں کے سربراہوں کے مبارکبادی پیامات بھی شامل کئے جائیں گے۔ یہ کتاب فروخت کے لئے دستیاب نہیں رہے گی۔ اترپردیش کے مسلم غلبہ والے علاقوں میں اسے بطور تحفہ تقسیم کیا جائے گا۔
بی جے پی کے ریاستی اقلیتی سل کے کارکن اس کتاب کو بطور تحفہ اہم مدارس‘ اسلامی اسکالرس‘ اردو اساتذہ اور علماء کو پیش کریں گے۔ باسط علی نے بتایا کہ اس مشق کا مقصد مسلمانوں میں وزیراعظم کے پیام کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ مسلمان‘ وزیراعظم کی من کی بات سن نہیں پاتے جس میں ہمیشہ سماج کی بہتری کے لئے ایک گہرا پیام چھپا ہوتا ہے۔