دہلی

تفرقہ پسند طاقتیں دینی مدارس کو نشانہ بنارہی ہیں: مولانا ارشد مدنی

مولانا مدنی نے کہا کہ تفرقہ پسند طاقتیں دینی مدارس کو نشانہ بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آسام بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے اپنی ریاست میں مدرسے ڈھائے جانے کو حق بجانب ٹھہرانے کی کوشش کررہے ہیں۔

نئی دہلی: ایک مسلم تنظیم نے مدرسوں کا سروے کرانے کے حکومت ِ اترپردیش کے اقدام پر اعتراض کیا ہے۔ صدر جمعیت علمائے ہند مولانا ارشد مدنی نے واضح کیا کہ ان کا اعتراض موجودہ صورتِ حال میں تفرقہ پسند ذہنیت پر ہے‘ مدارس کے سروے کا حکم دینے پر نہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پھوٹ ڈالنے والی طاقتوں نے گزشتہ چند برس میں سارے ملک میں جس طرح نفرت کا ماحول تیار کیا ہے اور حکومت کا اس سلسلہ میں جو رول ہے اس سے مسلمان یہ ماننے پر مجبو ر ہوگئے ہیں کہ ہر پالیسی ان کی بقاء ختم کرنے کے لئے آرہی ہے۔

 مولانا مدنی نے کہا کہ تفرقہ پسند طاقتیں دینی مدارس کو نشانہ بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آسام بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے اپنی ریاست میں مدرسے ڈھائے جانے کو حق بجانب ٹھہرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ لوگ روزِ قیامت تک کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکتے۔