سب کچھ دھیرے دھیرے جان جائیں گے،بہار کو خصوصی درجہ سے انکار پر نتیش کمار کا طنزیہ ردِعمل
نتیش کمار نے بہار اسمبلی کے احاطہ میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں صرف اتنا کہا ”سب کچھ دھیرے دھیرے جان جائیں گے“۔ اپنی مخصوص مبہم مسکراہٹ کے ساتھ سینئر قائد اسمبلی کے اندر چلے گئے۔

پٹنہ: بہار کو خصوصی درجہ دینے سے مرکز کے انکار پر چیف منسٹر نتیش کمار نے طنزیہ ردِ عمل ظاہر کیا۔ نتیش کمار سے جن کی جنتادل (یو) مرکز میں برسراقتدار این ڈی اے کی اہم حلیف ہے، پارلیمنٹ میں پیر کے دن مرکزی حکومت کے بیان کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔
انہوں نے بہار اسمبلی کے احاطہ میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں صرف اتنا کہا ”سب کچھ دھیرے دھیرے جان جائیں گے“۔ اپنی مخصوص مبہم مسکراہٹ کے ساتھ سینئر قائد اسمبلی کے اندر چلے گئے۔ صحافی سمجھتے رہ گئے کہ نتیش کمار نے جو بات کہی اُس کا مطلب کیا۔
غور طلب ہے کہ لوک سبھا الیکشن کے بعد جنتادل (یو) نے اپنے قومی عاملہ اجلاس میں قرار داد منظور کرکے بہار کو خصوصی موقف کا تازہ مطالبہ کیا تھا۔ جنتادل (یو) قائدین نے زور دے کر کہا کہ قرار داد میں خصوصی پیکیج اور دیگر امداد کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔
بہار کو ابھی بھی نریندر مودی حکومت سے بہت کچھ مل سکتا ہے۔ مرکزی حکومت میں جنتادل (یو) کے دووزرأ ہیں۔ بہار کے اپوزیشن قائدین کا تاہم خیال ہے کہ بہار کو ہلکے میں لیا جارہا ہے۔ نتیش کمار کے کٹر حریف اور آر جے ڈی صدر لالوپرساد یادو کے خیال میں جنتادل (یو) سربراہ کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔