حیدرآباد: شادی کے نام پر لڑکی کو دھوکہ، نیلور کی ایک درگاہ کا انچارج بابا گرفتار

بابا کا نام شاہ غلام نقشبندی حفیظ پاشا بتایا جاتا ہے جو آندھرا پردیش کے ضلع نیلور کے اے ایس پیٹ میں واقع ایک درگاہ کا انچارج ہے۔ اس کی عمر 55 برس بتائی جاتی ہے جو 19 سالہ لڑکی سے شادی کا خواہاں تھا۔

حیدرآباد: تلنگانہ پولیس نے آندھراپردیش کی ایک درگاہ کے انچارج کو گرفتار کرلیا ہے جس نے حیدرآباد کی ایک 19 سالہ لڑکی سے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا اور پھر عین شادی کے موقع پر دواخانہ میں شریک ہوگیا۔

بتایا گیا ہے کہ بابا نے مبینہ طور پر لڑکی کے اندر موجود ’’جن بھوت‘‘ بھگانے کے لئے اس سے شادی کرنے کو کہا تھا۔

بابا کا نام شاہ غلام نقشبندی حفیظ پاشا بتایا جاتا ہے جو آندھرا پردیش کے ضلع نیلور کے اے ایس پیٹ میں واقع ایک درگاہ کا انچارج ہے۔ اس کی عمر 55 برس بتائی جاتی ہے جو 19 سالہ لڑکی سے شادی کا خواہاں تھا۔

اس کی دو بیویاں اور تین بچے ہیں۔ لوگوں کو ’’بھوتوں اور اثرات‘‘ سے نجات دلانے کی آڑ میں وہ ’’خصوصی رسومات‘‘ ادا کرتا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اس نے حال ہی میں اپنا ’’اڈہ‘‘ حیدرآباد منتقل کیا اور مہینے میں چار تا پانچ دن درگاہ کا دورہ کرتا ہے۔  

ٹولی چوکی کی ایک 19 سالہ لڑکی صحت کے مختلف مسائل سے دوچار تھی۔ اس کے گھر والے علاج کے لئے اسے نیلور کی درگاہ لے گئے جہاں حفیظ پاشا نے انہیں خبردار کیا کہ ان کی بچی پر جن بھوت سوار ہیں۔ اس کا علاج یہ ہے کہ لڑکی کی شادی اس کے ساتھ کردی جائے۔

اس نے دھمکی دی کہ اگر لڑکی کی شادی اس کے ساتھ نہیں کی گئی تو جن بھوت لڑکی کو مارڈالیں گے۔

لڑکی کے ارکان خاندان کے پاس حفیظ پاشا کی بات مان لینے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا اور وہ اس شادی پر راضی ہوگئے۔

حفیظ پاشا کی ہدایت کے مطابق انہوں نے ٹولی چوکی کے ایک فنکشن ہال میں شادی کے انتظامات کئے۔

دوسری طرف جس دن شادی تھی، پاشا کے رشتہ داروں نے اسے عین وقت پر اسپتال منتقل کردیا جبکہ اس نے سینہ میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی سے شادی کے لئے وہ حفیظ پاشا کے ساتھ فنکشن ہال جارہے تھے کہ پاشا کے سینے میں اچانک درد اٹھا۔

جب لڑکی کے گھر والوں نے چھان بین کی اور دریافت کیا تو وہ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ پاشا پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کے بچے بھی ہیں۔

یہ معلوم ہوتے ہی انہوں نے لڑکی کے ساتھ لنگر ہاؤس پولیس اسٹیشن جاکر حفیظ پاشا کے خلاف شکایت درج کروائی۔ انسپکٹر سرینواس نے بتایا کہ لڑکی کی شکایت پر انہوں نے حفیظ پاشا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ لنگر ہاؤز پولیس نے پاشا کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ ایک مقامی عوامی نمائندہ (ایم ایل اے یا کارپوریٹر) ملزم کو مزید کارروائی سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

https://www.facebook.com/watch/?ref=search&v=1414599682409470&external_log_id=13ef1329-94e7-4e3d-a888-333700eaf4b2&q=RAHMATABAD%20DARGAH%20GIRL