مشرق وسطیٰ

اسرائیل کا ڈرون حملہ، 3 فلسطینی شہید

یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی اس کے علاوہ باغات، پٹرول اسٹیشن، سیمنٹ فیکٹری سمیت فلسطینیوں کی دیگر املاک کو بھی جلا ڈالا۔

یروشلم: اسرائیل کی مظلوم فلسطنیوں کے خلاف بربریت کا سلسلہ جاری رکھتےہوئے کار پر ڈرون سے حملہ کر کے مزید تین فلسطینی شہری شہید کر دیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے مغربی کنارے میں کار پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے تین فلسطینی شہید ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے بغیر شناخت کار سوار افراد کو یہودی بستیوں پر حملوں کا ذمے دار قرار دیا اور صیہونی فورسز نے جنین میں پناہ گزین کیمپ کے قریب کار کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب یہودی آباد کاروں کے بھی فلسطینی قصبوں پر حملے جاری ہیں۔ یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی اس کے علاوہ باغات، پٹرول اسٹیشن، سیمنٹ فیکٹری سمیت فلسطینیوں کی دیگر املاک کو بھی جلا ڈالا۔

اس دوران اسرائیلی فوج جلتی پر تیل کا کام کرتے ہوئے یہودی آباد کاروں کی بھرپور مدد کرتی رہی۔ ان کارروائیوں کے دوران امیر فلسطینیوں کا خوشحال قصبہ ترمس عیا بھی آگ کے شعلوں کی نذر ہوگیا۔

واضح رہے کہ تین روز قبل اسرائیلی فوج نے جنین پناہ گزین کیمپ پر وحشیانہ کارروائیاں کرتے ہوئے 5 فلسطینیوں کو شہید جب کہ 100 کے قریب افراد کو زخمی کر دیا تھا۔

ایران اور اردن نے اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی بربریت سے تشدد مزید بڑھے گا۔