حیدرآباد

ٹی آر ایس کے 10 تا 15 ایم ایل اے استعفیٰ دینے تیار: بنڈی سنجے

بنڈی سنجے نے کہا کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کئی مواقع پر بی جے پی پارٹی اور مودی کے حق میں بات کی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والی بی جے پی حکومت صحافیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرے گی۔

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ ریاست میں قبل ازیں کی طرح مزید ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے اپنی پرجا سنگرام یاترا کے تیسرے مرحلے کے ایک حصے کے طور پر بھونگیر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعوی کیا کہ عوامی دباؤ کی وجہ سے ٹی آر ایس کے 10 تا 15 ایم ایل اے مستعفی ہونے تیار ہیں۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ منگوڈو اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی جیت جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کئی مواقع پر بی جے پی پارٹی اور مودی کے حق میں بات کی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والی بی جے پی حکومت صحافیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات تک عوامی جدوجہد جاری رہے گی۔

 ریاستی حکومت کو عوام کی مخالفت کا سامنا ہے جن کا ماننا ہے کہ ٹی آرایس حکومت میں ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات ہوں گے، یقینی طورپر بی جے پی اقتدار میں آئے گی،سروے بھی یہی کہتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ جو بھی وزیر اعظم مودی کی قیادت پر بھروسہ کرتے ہوئے ان کی پارٹی میں شامل ہوگا، اسے پارٹی میں شامل کیا جائے گا، لیکن جو لوگ ذاتی مفادات کے لیے آئیں گے ان کی بی جے پی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹکٹوں کے معاملے میں کسی کی کوئی ضمانت نہیں دی گئی ہے اور اس معاملے کا فیصلہ پارٹی کا پارلیمانی بورڈ کرے گا۔