دہلی

شریک حیات میں ماں اور دادی کی خوبیاں دیکھنا چاہوں گا

کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسی شریک حیات چاہتے ہیں جس میں ان کی والدہ سونیا گاندھی اور دادای اندراگاندھی دونوں کی خصوصیات موجود ہوں۔

نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسی شریک حیات چاہتے ہیں جس میں ان کی والدہ سونیا گاندھی اور دادای اندراگاندھی دونوں کی خصوصیات موجود ہوں۔

بھارت جوڑو یاترا کے دوران ایک یوٹیوب چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اپنی دادی اور سابق وزیراعظم اندراگاندھی کو ”اپنی زندگی کا پیار اور اپنی دوسری ماں“ قرار دیا تھا۔

اس سوال پر کہ آیا وہ اُن جیسی کسی خاتون کے ساتھ زندگی گزارنا چاہیں گے، راہول گاندھی نے کہا کہ یہ ایک دلچسپ سوال ہے۔

میں ایسی خاتون کو ترجیح دوں گا جس میں یہ دونوں خصوصیات موجود ہوں جس میں میری ماں اور میری دادی کی خصوصیات ہوں وہی اچھی ہوگی۔ سابق کانگریس صدر نے جو کنیاکماری تا کشمیر پدیاترا پر ہیں، موٹرسائیکلیں اور سائیکلیں چلانے کے اپنے شوق کا بھی تذکرہ کیا اور ایک چینی الکٹرک کمپنی کا حوالہ دیا جو الکٹرک موٹرس کے ساتھ بائیسکلیں اور ماؤنٹین بائیکس بناتی ہے۔

راہول نے کہا کہ میں نے ایک الکٹرک اسکوٹر چلائی ہے لیکن الکٹرک بائیک کبھی نہیں چلائی۔ کیا آپ نے اس چینی کمپنی کو دیکھا ہے ان کی سائیکلیں اور الکٹرک موٹرس کے ساتھ ماؤنٹین بائیک موجود ہیں اور بہت اچھے ہیں۔ راہول گاندھی اپنا یہ انٹرویو اپنے ٹویٹر ہینڈل پر بھی شیئر کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کے پاس کوئی کار نہیں ہے۔

بلکہ ایک CR-V ہے جو ان کی والدہ کی ملکیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کاروں سے کبھی دلچسپی نہیں رہی۔ مجھے موٹرسائیکلیوں سے بھی دلچسپی نہیں صرف موٹربائیکس چلانے سے دلچسپی ہے۔ مجھے تیزی سے حرکت کرنا، فضاء میں نقل و حمل، پانی اور زمین پر نقل وحمل اچھی لگتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ R1 موٹرسائیکل کے بجائے انہیں پرانی لیمبریٹا گاڑی زیادہ خوبصورت لگتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موٹرسائیکل کے بجائے وہ سائیکل چلانے کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اس میں خود اپنی طاقت استعمال کرنی پڑتی ہے۔

ناقدین کی جانب سے پپو پکارے جانے پر ان کے ردِعمل کے بارے میں ان سے دریافت کرنے پر راہول نے اسے پروپگنڈہ مہم قرار دیا اور کہا کہ جو لوگ انہیں اس نام سے پکارتے ہیں ان کے اندر ایک ڈر ہے جس کی وجہ سے وہ ایسا کرتے ہیں۔