تعلیم و روزگار

اردو یونیورسٹی میں معذورین کے لیے جاب میلے کا کامیاب انعقاد

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، تربیت و تعیناتی سیل نے Youth4Jobs فاﺅنڈیشن کے اشتراک سے آج مانو کیمپس، گچی باﺅلی، حیدرآباد میں جسمانی معذور امیدواروں کے لیے ایک منفرد جاب میلہ کا اہتمام کیا۔

حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، تربیت و تعیناتی سیل نے Youth4Jobs فاﺅنڈیشن کے اشتراک سے آج مانو کیمپس، گچی باﺅلی، حیدرآباد میں جسمانی معذور امیدواروں کے لیے ایک منفرد جاب میلہ کا اہتمام کیا۔

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے انڈور اسٹیڈیم میں جاب میلے کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے اس کے انعقاد کے لیے یوتھ 4 جابس اور شریک کمپنیوں کے جذبے کی ستائش کی۔ انہوں نے فرداً فرداً تمام کمپنیوں کے ذمہ داروں سے ملاقات کی اور امیدواروں سے بھی بات چیت کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ڈاکٹر محمد یوسف خان، انچارج، تربیت و تعیناتی سیل کے بموجب انڈور اسٹیڈیم میں جاب میلے کے لیے مختلف کمپنیوں کے ایچ آر نمائندوں کے لیے 15 کاوئنٹرس لگائے گئے تھے۔ امیدواروں کو گچی باﺅلی سے کیمپس لانے کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا۔ جاب میلے میں تقریباً 100 امیدواروں نے شرکت کی۔

جن میں مانو کے موجودہ وار سابقہ طلبہ کے علاوہ بیرونی امیدوار بھی شامل تھے۔ ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل ٹیم ڈاکٹر سید صلاح الدین، ڈاکٹر ریشماں نکہت، ڈاکٹر اشرف نواز، جناب سی ایچ متیالہ راﺅنے تمام شعبوں کے پلیسمنٹ کوآرڈینیٹرس کی مدد سے جاب میلے کے انعقاد میں تعاون کیا۔

اس موقع پر یوتھ 4 جابس کے آپریشن ہیڈ جناب سمیر نائر؛ پروفیسر محمد عبدالعظیم، پراکٹر؛پروفیسر شکیل احمد، اسکول آف سائنسس؛ مانو اساتذہ انجمن کے صدر ڈاکٹر بونتھو کوٹھیا و دیگر موجود تھے۔