تلنگانہ

منگوڈ کا ضمنی انتخاب، نقائص سے پاک انتظامات

چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ وکاس راج نے کہاکہ منگوڈ ضمنی انتخاب کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں گے۔

حیدرآباد: چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ وکاس راج نے کہاکہ منگوڈ ضمنی انتخاب کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں گے۔

آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ انتخاب کیلئے پوسٹل بیالٹ پیپرس کی طباعت کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ای وی ایمس(ووٹنگ مشینس) حاصل کرلئے گئے ہیں۔ کسی بھی ناگہانی واقعہ کے تدارک کیلئے 35 فیصد ای وی ایمس زیادہ فراہم کئے جارہے ہیں۔

وی وی پیاٹس بھی متعلقہ عہدیداروں کے حوالے کردیئے گئے۔ مناسب تعداد میں پولنگ عملہ کو تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اب تک 12 مقدمات درج کئے گئے۔ 2.49 کروڑ ضبط کئے گئے۔

انہوں نے عوام کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی پر فون نمبر 0868-2230198 پر اس کی اطلاع دینے کا مشورہ دیا۔انہوں نے بتایاکہ حلقہ اسمبلی منگوڈ میں 3 نومبر کو رائے دہی ہوگی۔

رائے دہی کے پیش نظر پورے حلقہ میں پہلے ہی تعطیل کا ا علان کردیا گیا ہے۔ 2 نومبر کو بھی دفاتر اور اسکولوں میں جہاں رائے دہی مراکز قائم کئے گئے ہیں، اضافی تعطیل رہے گی۔

وکاس درج نے مزید کہاکہ رائے دہی کو پرامن اور منصفانہ اور آزادانہ بنایا جائے گا۔ حساس مقامات پر نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا جائے گا۔