تعلیم و روزگار

 ٹی ایس ایمسٹ اورٹی ایس ای سیٹ  کے نتائج جاری

وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے امتحان میں کامیاب (کوالیفائی) طلباء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایمسٹ انٹرنس امتحان کا انعقاد انتہائی شفاف اور نقائص سے پاک انداز میں کیا گیا۔

حیدرآباد: ٹی ایس ایمسٹ2022 کے نتائج جاری کردئیے گئے۔ جئے این ٹی یو کو کٹ پلی میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے آج نتائج جاری کئے ایمسٹ انجینئرنگ اسٹریم میں 80.41 فیصد اور اگریکلچر ومیڈیسن اسٹریم میں 88.34 فیصد طلبا کو کوالیفائی قرار دیا گیا۔

انجینئرنگ اسٹریم میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پی لوہت ریڈی کو پہلا، آندھرا پردیش کے ضلع سریکا کلم سے تعلق رکھنے وا لی این سائی دپتیکا کو دوسرا رینک حاصل ہوا۔ جبکہ اگریکلچر اسٹریم میں جوتوری نیہا کو پہلا اور وی روہت کو دوسرا رینک حاصل ہوا۔

واضح رہے کہ جولائی میں 18 تا21 تاریخ ایمسٹ انجینئرنگ انٹرنس امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ جملہ1,72,243 طلباء نے درخواست داخل کی تھی،1,56,860 طلباء نے امتحان میں شرکت کی اور 1,26,140 طلباء کو کوالیفائی قرار دیا گیا۔ کامیاب طلباء کا تناسب80.41 فیصد رہا۔

اسی طرح جولائی کی30 اور 31 تاریخ کو ایمسٹ اگریکلچر اور میڈیسن اسٹریم کا انٹرنس ٹسٹ منعقد کیا گیا۔ جملہ94,476 طلباء نے درخواستیں داخل کی تھیں۔ 80,575 طلباء نے امتحان میں شرکت کی اور71,180 طلباء کو کوالیفائی قرار دیا گیا۔ کامیاب طلباء کا تناسب88,34 فیصد رہا۔

 ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے امتحان میں کامیاب (کوالیفائی) طلباء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایمسٹ انٹرنس امتحان کا انعقاد انتہائی شفاف اور نقائص سے پاک انداز میں کیا گیا۔

انہوں نے امتحانات کے پرامن انعقاد میں دست تعاون بڑھانے پر تمام محکمہ جات کے ذمہ داروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد انجینئرنگ اور اگریکلچر و میڈیسن اسٹریم کے مختلف کورسس میں داخلوں کے لئے قونسلنگ منعقد کی جائے گی۔

 طلباء کو کورسس کے انتخاب میں رہنمائی کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے ایمسٹ کونسلنگ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ جہاں مختلف کالجس اور کورسس کے متعلق تفصیلات سے طلباء کو واقفیت فراہم کی جائے گی۔

ای سیٹ کے نتائج جاری۔ 90فیصد امیدوار کامیاب

حیدرآباد: ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی کے ہاتھوں تلنگانہ ای سیٹ2022 کے نتائج جاری کئے گئے۔ ای سیٹ 2022 میں کامیاب طلبا کی شرح90.69 فیصد رہی پالی ٹیکنک ڈپلومہ طلباء کو بی ٹیک اور بی فارمیسی سال دوم میں راست داخلوں کیلئے یکم اگست کو ای سیٹ انٹرنس امتحان منعقد کیا گیا تھا۔

ای سیٹ انٹرنس ٹسٹ میں شرکت کیلئے 23,000 طلباء نے نام رجسٹر کرایا تھا۔ 22,000 طلباء نے امتحان میں شرکت کی اور19,954 طلباء کوالیفائی قرار دئیے گئے۔