تعلیم و روزگار

چارسالہ ڈگری کورس کے نفاذ تک 3 سالہ کورسس برقرار

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یوجی سی) کے صدرنشین ایم جگدیش کمار نے کہا ہے کہ چار سالہ پروگرام کو مکمل طور پر نافذ کئے جانے تک تین سالہ انڈرگریجویٹ کورسس کو بند نہیں کیا جائے گا۔

نئی دہلی: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یوجی سی) کے صدرنشین ایم جگدیش کمار نے کہا ہے کہ چار سالہ پروگرام کو مکمل طور پر نافذ کئے جانے تک تین سالہ انڈرگریجویٹ کورسس کو بند نہیں کیا جائے گا۔

نئے پروگرام کے بعد گریجویٹ طلبہ راست طور پر پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ لے سکیں گے۔ انڈرگریجویٹ کورسس کیلئے نیا کریڈٹ اور نصاب تعلیم فریم ورک کا جاریہ ہفتہ کے اوائل میں اعلان کیا گیا اور اس کے تحت آنرس ڈگری کورسس کو چارسالہ پروگرام کے مساوی قرار دیا گیا ہے۔

بہرحال جگدیش کمار نے وضاحت کی کہ یونیورسٹیاں تین سالہ اور چارسالہ پروگراموں میں کسی ایک کا انتخاب کرسکتی ہیں۔ یہ ان کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ تین سالہ انڈرگریجویٹ پروگرام جاری رہیں گے، چاہے وہ بی اے، بی کام اور بی ایس سی جیسی انڈرگریجویٹ ڈگریاں ہوں یا بی اے آنرس، بی کام آنرس یا بی ایس سی آنرس جیسی انڈرگریجویٹ ڈگریاں ہوں۔

اُن سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا آنرس ڈگریوں کیلئے یونیورسٹیوں کو لازمی طور پر چارسالہ پیٹرن اختیار کرنا ہوگا۔ یوجی سی کے صدرنشین نے مزید کہا کہ یونیورسٹیاں چار سالہ انڈرگریجویٹ پرواگرام (FYUP) نصاب تعلیم فریم ورک کا فائدہ اٹھاسکتی ہیں اور تین سالہ انڈرگریجویٹ پروگراموں میں نئے کورسس متعارف کراسکتی ہیں۔

یوجی سی کے صدرنشین نے کہا کہ چارسالہ انڈرگریجویٹ ڈگریوں کے تحت گریجویٹ طلبہ کو پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے ماسٹرس ڈگری کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس سوال پر کہ FYUP پروگرام کو کب تک مکمل طور پر نافذ کئے جانے کی توقع ہے انہوں نے کہا کہ کوئی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی گئی ہے لیکن ہم جلدازجلد FYUP پروگرام کو نافذ کرنے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ چارسالہ پروگرام کو مکمل طور پر نافذ کئے جانے تک تین سالہ کورسس کو منقطع نہیں کیا جائے گا۔