تعلیم و روزگار

شعبہ اُردو جامعہ عثمانیہ کی جانب سے کل ایک روزہ بین الاقوامی سمینار

شعبہ اُردو جامعہ عثمانیہ کے زیر اہتمام ایک روزہ بین الاقوامی سمینار بعنوان ”اُردو ادب میں انسانی اقدار و مساوات“ کا 15دسمبر آرٹس کالج، جامعہ عثمانیہ میں انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔

حیدرآباد: شعبہ اُردو جامعہ عثمانیہ کے زیر اہتمام ایک روزہ بین الاقوامی سمینار بعنوان ”اُردو ادب میں انسانی اقدار و مساوات“ کا 15دسمبر آرٹس کالج، جامعہ عثمانیہ میں انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔

اس بین الاقوامی سمینار میں قومی و بین الاقوامی سطح کے ماہرین زبان و ادب شرکت کررہے ہیں۔ جبکہ ریاست تلنگانہ کی مرکزی و ریاستی سطح کی جامعات کے پروفیسرس و ریسرچ اسکالرس موضوع سے متعلق مقالات پیش کریں گے۔

سمینار کے جنرل کنوینرس ڈاکٹر انجم النساء بیگم (زیباؔ) اور ڈاکٹر محمد مشتاق احمد، اساتذہ شعبہ اُردو جامعہ عثمانیہ کی اطلاع کے بموجب وزیر داخلہ محمد محمود علی سمینار کا افتتاح انجام دیں گے۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈی۔رویندر، وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی ہوں گے۔

تقریب کی صدارت پروفیسر سی گنیش، پرنسپل آرٹس کالج و صدر شعبہئ اُردو جامعہ عثمانیہ کریں گے۔پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین، جواہر لال نہرو یونیورسٹی وسابق ڈائرکٹر این۔سی۔پی۔یو۔ایل، نئی دہلی کلیدی خطبہ دیں گے۔ اس سمینار کے خصوصی مدعوئین پروفیسر ایس۔ اے۔ شکور، سابق صدر شعبہئ اُردو جامعہ عثمانیہ اور ڈاکٹر محمد عبدالمعید(جاویدؔ) سابق صدر شعبہئ اُردو جامعہ عثمانیہ ہوں گے۔

اس سمینار کے ادبی اجلاس کی صدارت پروفیسر سید فضل اللہ مکرم، صدر شعبہئ اُردو، سنٹرل یونیورسٹی آف حیدرآباد کریں گے۔

مہمانانِ خصوصی پروفیسر سیدہ طلعت سلطانہ، ایگزیٹیو کونسل ممبر، عثمانیہ یونیورسٹی اور پروفیسرمحمد شوکت حیات، سابق ڈین، فیکلٹی آف آرٹس، ڈاکٹر بی۔آر۔امبیڈکر اوپن یونیورسٹی ہوں گے۔ محمد قمر الدین، سابق چیرمین، تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز کمیشن اختتامی اجلاس کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ سمینار کے کنوینرس نے تمام اساتذہ، ریسرچ اسکالرس اُردو، ادیب و شعراء، با ذوق حضرات،محبان اُردو اور صحافیوں سے اس سمینار میں شرکت کی خواہش کی ہے۔